نئی دہلی۔۔۔۔ہندوستان نے الزام لگایا ہے کہ نیپال میں لاپتہ ہونیوالا ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر پاکستانی حکام کی اس ٹیم میں شامل تھا جس نے2016میں ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادو کو گرفتار کیا تھا۔سیکیورٹی اسٹبلشمنٹ کے ذرائع نے ایک ہندوستانی اخبار کو بتایا کہ ہندوستانی ایجنسیاں کافی عرصے سے حبیب ظاہر کا پیچھا کررہی تھیں۔اسے آخری مرتبہ ہند کی سرحد کے قریب نیپال کے شہر لمبینی میں دیکھا گیا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ کلبھوشن کو سزا سنانے کے واقعہ کا حبیب ظاہر کے لاپتہ ہونے سے تعلق ہے۔خیال کیا جارہا ہے کہ حبیب ظاہر اس وقت ہندوستان کی تحویل میں ہے۔ایک اعلیٰ افسر نے کہا کہ یقینا ان دونوں واقعات کا ایک دوسرے سے تعلق ہے۔پاکستانی حکام یہ نہیں چاہتے کہ ہندوستانی ایجنسی سامنے آئے۔ظاہر 2014میں پاک فوج سے ریٹائر ہوئے تھے پھر آئی ایس آئی کیلئے کام کرتے تھے۔2015میں انہوں نے کلبھوشن کے اپنے خاندان والوں سے بات چیت انٹرسیپٹ کی تھی اور اس کی تلاش میں لگ گئے تھے۔