Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں جدہ کے قدیم عوامی بازاروں کی رونقیں کیوں بڑھ گئیں

عوامی بازاروں میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کا رش نظر آرہا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں جدہ کے قدیم عوامی بازار شہر کے جدید ترین تجارتی مراکز کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور مملکت کے مختلف علاقوں سے سیاحت کے لیے آنے والے قدیم عوامی بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔ تاریخی اشیا میں سب کی دلچسپی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ کے پرانے بازاروں میں بلد کا علاقہ روایتی طرز تعمیر کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنائے ہوئے ہے۔ یہاں  بیشتر دکانوں کے بورڈ خاص طرز کے ہیں۔

علاقے میں دکاندار اپنا سامان سٹینڈ پر سجائے  ہوئے ہیں(فوٹو ایس پی اے) 

 یہاں عمارتوں کی پھول بوٹوں سے مزین کھڑکیاں اور نقش و نگار اپنے اندر ایک کشش رکھتے ہیں۔
اس علاقے میں دکاندار اپنا سامان لکڑیوں کے سٹینڈ پر سجائے  ہوئے ہیں۔ 
 رمضان کی راتوں میں عوامی بازاروں کی رونقیں بڑھی ہوئی ہیں۔ دکانوں پر اشیا کی قیمتیں مناسب ہیں۔

بلد کا علاقہ روایتی طرز تعمیر کے حوالے سے منفرد پہچان رکھتا ہے( فوٹو ایس پی اے)

 رمضان کے دوران ملبوسات، کپڑے اور خوشبویات خریدنے کے لیے عوامی بازاروں میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کا رش نظر آ رہا ہے۔ مصالحہ جات، کھانے پینے کی اشیا، گھریلو برتن اور دیسی مٹھائیوں کی طلب بھی بڑھی ہوئی ہے۔ 
جدہ کے عوامی بازاروں میں سونے کی دکانوں پر بھی رش ہے۔ یہاں نئے اور روایتی ڈیزائن کے سونے کے زیوارت اور آرائشی سامان فروخت ہورہا ہے۔
گھریلو دستکاری اور روایتی صنعتوں  کے تیار کردہ رمضان اورعید کے تحائف مارکیٹوں میں لائے جا رہے ہیں جس کی انہیں یہاں اچھی قیمت ملنے کی توقع ہے۔

شیئر: