مسجد الحرام میں کراوڈ کنٹرولنگ کےلیے 500 نگران
جمعرات 14 اپریل 2022 22:28
مسجد الحرام کے صحنوں میں 250 پانی کی پھواروالے پنکھے لگائے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے زائرین کو خوشگوار آب و ہوا فراہم کرنے کے لیے مسجد الحرام اور اس کے صحنوں میں 250 پانی کی پھوار والے پنکھے نصب کردیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق پانی کی پھوار والے پنکھوں کے استعمال سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے صحنوں میں گرمی کی شدت کم ہوجاتی ہے اور آب و ہوا خوشگوار ہوجاتی ہے۔
پھوار والے پنکھے کھلے مقامات پر نصب کیے گئے ہیں۔ یہ ہائی پریشر سے پھوار ڈالتے ہیں۔
مسجد الحرام کے صحنوں میں لگائے گئے یہ مخصوص پنکھے زمین سے تقریبا چار میٹر اونچے ہیں۔ ان کا قطر 38 انچ ہے ۔ دس میٹر تک کے دائرے میں پانی کی پھوار پھیل جاتی ہے۔ یہ پنکھے مسجد الحرام کے صحنوں میں درجہ حرارت بڑھنے پر نماز کے دوران چلائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب مسجد الحرام میں ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے کےایک عہدیدار فایز الحارثی نے بتایا کہ حرم شریف میں اژدحام کو منظم کرنے کے لیے 500 سے زیادہ نگراں تعینات ہیں۔
الحارثی نے الاخباریہ سے گفتگو میں کہا کہ نگراں حضرات زائرین کو مسجد الحرام کی راہداریوں میں نماز پڑھنے یا بیٹھنے یا کھانے پینے سے روکتے ہیں تاکہ حرم شریف کا ماحول عبادت کا بنا رہے اور زائرین وہاں کسی طرح کی کوئی تنگی نہ محسوس کریں۔