تیونس کے ساحل پر تیل بردار جہاز ڈوب گیا، حکام
تیونسی حکام نے جہاز کے سات رکنی عملے کو ریسکیو کیا ہے(فوٹو اے ایف پی)
مصرسے مالٹا جانے والا کمرشل آئل ٹینکر جس پر 750 ٹن ڈیزل فیول لدا ہوا تھا سنیچر کو تیونس کے جنوب مشرقی ساحل پر خلیج قبس میں ڈوب گیا۔
عرب نیوز کے مطابق تیونسی حکام کا کہنا ہے کہ ’ تیل بردار جہاز سنیچر کی صبح تیونس کے پانیوں میں ڈوبا ہے اور تاحال کوئی رساو نہیں ہے۔ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کمیٹی اجلاس میں اقدامات اٹھانے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی‘۔
گنی کا پرچم بردار جہاز زیلو مصری بندرگاہ دمیاط سے یورپی جزیزے مالٹا جا رہا تھا۔ جمعے کو خراب موسم کے باعث انجن روم میں پانی بھرنے پر تیونس کے پانیوں میں داخل ہونے کی درخواست کی گئی تھی۔
تیونس کی وزارت ماحولیات نے ایک بیان میں کہا کہ ’خلیج قبس کے ساحل سے سات کلو میٹر دور جہازمیں میں پانی داخل ہونا شروع ہوگیا اورانجن روم میں بھرگیا‘۔
’تیونسی حکام نے جہاز کے سات رکنی عملے کو ریسکیو کیا ہے۔ ان میں جہاز کا کیوبن کپتان، چار ترک اور دو آذربائیجانی شامل ہیں۔ انہیں ھسپتال میں طبی معائنے کے بعد ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے‘۔
بیان میں وزارت ماحولیات نے کہا کہ’ تیونس کی دفاع، داخلہ، ٹرانسپورٹ اور کسٹم کی وزارتیں خطے میں بحری ماحولیاتی ڈیزاسٹر کے بچاو اور اس کے اثرات محدود کرنے کےلیے کام کر رہی ہیں‘۔