برطانوی قونصل جنرل سیف عشرنے 25 سال قبل اسلام قبول کیا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں برطانیہ کے قونصل جنرل سیف عشر نے کہا کہ عالمی وبا کے باعث دو سال کی غیر حاضری کے بعد سعودی عرب کے مقدس مقامات پر برطانوی زائرین کی آمد پر انتہائی خوشی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اس سال بیرون ملک سے آنے والے عازمین سمیت 10 لاکھ افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے گذشتہ دو سال عالمی وبا کورونا کے باعث حج کی ادائیگی صرف سعودی عرب میں رہنے والوں تک ہی محدود رہی۔
مکہ مکرمہ میں افطار کے موقع پر بات کرتے ہوئے برطانیہ کے قونصل جنرل نے وزارت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہےجس کے تحت برطانوی مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے آ سکیں گے۔
برطانوی قونصل جنرل نے کہا کہ کچھ عرصہ بعد مکہ مکرمہ میں دوبارہ آنا بہت اچھا لگا، ما شا اللہ حرم کی رونقیں بحال ہوئیں۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ای ویزا کے آغاز سے ہزاروں برطانوی زائرین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے اور رمضان کے مقدس مہینے میں عمرہ کرنے کی اجازت ملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ ہم برطانیہ سے عازمین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو جلد دیکھیں گے۔
سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان مذہبی تعاون کے ساتھ دیرینہ دوستی، مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں اور اقتصادی اور ثقافتی محاذوں پر مضبوط تعلقات ہیں۔
سیف عشر نے بتایا کہ برطانیہ میں ڈھائی ملین سے زیادہ مسلمان رہتے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں برطانوی مسلمان حج و عمرہ کی غرض سے ہر سال سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔
ایک اندازہ کے مطابق عمرہ کے لیے آنے والے برطانوی زائرین کی تعداد سالانہ ایک لاکھ سے زیادہ ہوگی جب کہ عازمین حج بھی25 ہزار سے زائد ہوں گے۔
ہرسال یہاں حکام کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کے لئے بہت شکر گزار ہیں اور عالمی وبا کے انتہائی مشکل عرصہ کے بعد انشاء اللہ اب ہم عازمین کی تعداد میں اضافہ دیکھیں گے۔
برطانوی سفیر نے بتایا کہ اعدادو شمار کے مطابق2019 میں ایک لاکھ 30 ہزار برطانوی عازمین نے حج اور عمرہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں حج سیزن میں کتنے برطانوی عازمین آئیں گے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن اندازہ ہے کہ آٹھ سے دس ہزار کی تعداد ضرور ہو گی۔
واضح رہے کہ برطانوی قونصل جنرل سیف عشرنے 25 سال قبل اسلام قبول کیا اور سعودی عرب تعیناتی سے قبل وہ سوڈان، اردن، عراق اور شام میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
سیف عشر برطانوی عازمین کے سفر حج کی نگرانی کے لیے ستمبر2018 میں سعودی عرب آئے تھے اور 2019 میں انہوں نے سعودی عرب میں اپنا پہلا رمضان کا مہینہ گزارا تھا۔
برطانوی سفیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سال کا سب سے قیمتی وقت ہے اور یہ وہ مہینہ ہے جب ہم روحانی سکون حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے رمضان المبارک میں مکہ مکرمہ میں آنے کا موقع ملا ہے اور الحمدللہ یہاں آکر بہت اچھا لگا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں