Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر پر دو سابق انڈین کرکٹرز آمنے سامنے، معاملہ کیا ہے؟

فائل فوٹو: اے ایف پی
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دو سابق انڈین کرکٹرز عرفان پٹھان اور امت مشرا کی دو ٹویٹس موضوع بحث ہیں لیکن ان کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں۔
ٹوئٹر صارفین دونوں کھلاڑیوں کی ٹویٹس کو ایک دوسرے کے خلاف قرار دے رہے ہیں لیکن ان دونوں ہی نے اپنی کسی ٹویٹ میں یہ نہیں لکھا کہ ان کی طرف سے کہے گئے الفاظ کس پر تنقید ہے۔
یہ معاملہ دراصل 22 اپریل کو سابق انڈین فاسٹ بولر عرفان پٹھان کی ایک ٹویٹ سے شروع ہوا تھا۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’میرے ملک میں، میرے خوبصورت ملک میں دنیا کا عظیم ترین ملک بننے کی صلاحیت ہے۔ لیکن۔۔۔‘
ان کی ٹویٹ اس ’لیکن‘ پر آکر ختم ہوگئی لیکن اس کے بعد جو بحث شروع ہوئی وہ ابھی بھی چل رہی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین سمجھتے ہیں کہ عرفان پٹھان کی یہ ٹویٹ دراصل انڈیا اور خصوصاً جہانگیرپوری میں ہونے والے مذہبی فسادات اور ملک میں مسلمانوں پر ہونے والے حملوں پر تنقید تھی۔
سابق انڈین سپنر امت مشرا نے عرفان پٹھان کا نام لکھے بغیر ایک ٹویٹ میں لکھا ’میرے ملک میں، میرے  خوبصورت ملک میں دنیا کا بہترین ملک بننے کی صلاحیت ہے اگر کچھ لوگ یہ بات مان لیں کہ ہمارا آئین وہ کتاب ہے جس کی سب سے پہلے پیروی ضروری ہے۔‘
اپنی اگلی ٹویٹ میں عرفان پٹھان نے انڈین آئین کا ایک صفحہ شیئر کیا جسے انہوں نے پورے آئین کی بنیاد قراد دیا۔
اس صفحے پر سیکولرازم، انڈٰیا میں برابری کے حقوق اور بولنے کی آزادی جیسے دیگر حقوق کا ذکر ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’میں نے ہمیشہ اس کی پیروی کی ہے اور میں اپنے خوبصورت ملک کے شہریوں سے گزارش کروں گا کہ وہ بھی اس کی پیروی کریں۔‘

شیئر: