Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا الیکشن کمشن کے دفاتر کے باہر ملک گیر احتجاج کا اعلان

عمران خان کے چیف الیکشن سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منگل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفاتر کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کو ٹوئٹر پر ایک پیغام میں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کی سایسی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منگل کو پاکستان بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا اور اس حوالے سے پارٹی کی ضلعی تنظیموں کو ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر ’جانبداری‘ برتنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک منصوبے کے تحت منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کی ڈکلیریشن نہیں جاری کررہے۔
گذشتہ روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ  کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’چیف الیکشن کمشنر اپنی ذمہ دارایاں پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں، انہیں اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔ ہمیں ان پر اعتماد نہیں ہے۔‘
عمران خان نے مزید کہا تھا کہ ان کی پارٹی 27 رمضان کو یوم دعا منائے گی اور وہ جلد ہی کارکنوں کو حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کی کال دیں گے۔
ان کے مطابق ’عوام کا سمندر اسلام آباد کی طرف آئے گا۔ پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس رات دعا کریں کہ اللہ ہمارا مارچ کامیاب کرے۔‘
خیال رہے گذشتہ ہفتے الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے 30 دن میں فیصلہ سنانے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔ 

شیئر: