جکڑانڈا کے درخت فن پاروں کا تاثر دے رہے ہیں۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کےعسیر ریجن میں سعودی شہری اور مقیم غیرملکی سڑکوں پر درختوں اور بنفشی رنگ کے پھولوں کے ماحول میں روزہ افطار کررہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ان دنوں عسیر ریجن کی سڑکوں پر لگے درختوں کا منظر بنفشی ہوگیا ہے۔
عسیر اور ابہا کے لوگ بنفشی رنگ کے پھولوں کے دلکش مناظر کا لطف اٹھانے کے لیے شام کے وقت گھروں سے باہر نکل جاتے ہیں اور درختوں کے نیچے ڈیرے ڈال کر وہیں افطار دستر خوان سجاتے ہیں۔
بنفشی رنگ کے یہ پھول ’جکرانڈا‘ کے درختوں پر ہوتے ہیں۔ انہیں درختوں کی ملکہ کہا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں ’جکرانڈا‘ درختوں کے نیچے افطاردسترخوانوں کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں۔
ان درختوں پر بہار اپریل میں آتی ہوتی ہے اور موسم گرما کے آغاز تک یہ خوش رنگ پھول راہ گیروں کو دعوت نظارہ دیتے ہیں۔
’جکرانڈا‘ درختوں کے خوش رنگ مناظر اور ان کے پھولوں کی خوشبو ابہا کی سڑکوں، چوراہوں اور پارکوں کو معطر کیے ہوئے ہے۔
کنگ سعود یونیورسٹی میں جنگلات کے علوم کے پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم عارف نے ٹوئٹر پر ’جکرانڈا‘ کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ درخت چالیس برس قبل درآمد کیے گئے تھے۔ اب یہ عسیر کی پہچان بن گئے ہیں‘۔
یاد رہے کہ عسیر میونسپلٹی نے ’جکرانڈا‘ کے 25 ہزار درخت سڑکوں پر لگائے ہیں۔
میئر ولید الحمیدی نے بتایا کہ میونسپلٹی کو اس بات کی خوشی ہے کہ اب یہ خوش رنگ درخت ابہا شہر کی پہچان بن گئے ہیں۔ ان کے پھولوں کا موسم 8 ہفتے تک کا ہوتا ہے۔ ان کی خوشبو سب کو اچھی لگتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں