Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے نئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بہن کے ساتھ تصویر وائرل

بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے وزیر خارجہ کا حلف اٹھایا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کو ملک کے نئے وزیر خارجہ کے طور پر حلف اٹھایا تو ان سے متعلق کئی پہلو زیربحث آئے، اسی دوران ان کی بہن آصفہ بھٹو کی جانب سے بھائی کو مبارک باد دینے کے لیے آگے بڑھنے کی ایک تصویر ٹائم لائنز پر خاصی نمایاں رہی۔
ایوان صدر اسلام آباد میں بلاول بھٹو کی حلف برداری کے بعد کی تصویر میں جہاں وہ خود وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں وہیں ان کی چھوٹی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری اور والد آصف علی زرداری بھی نمایاں ہیں۔
حلف برداری کے موقع پر وہاں موجود افراد سے ملتے ہوئے جب بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ ان کی جانب بڑھیں تو کیمرے نے یہ منظر محفوظ کر لیا۔
تصویر شیئر کرنے والوں کو ’بھائی اور بہن کا تعلق‘ بھایا تو کئی ایسے بھی تھے جو اس میں موجود بے ساختگی کو سراہے بغیر رہ نہ سکے۔

صدر مملکت عارف علوی نے بلاول بھٹو زرداری سے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا تو وہ پاکستان کی تاریخ کے کم عمر ترین وزیر خارجہ بن گئے۔

بلاول بھٹو زرداری کی حلف برداری کے موقع پر ان کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کا بھی خصوصی تذکرہ کیا گیا جنہوں نے اپنے سیاسی کیریئر میں حکومتی عہدوں تک رسائل حاصل کی تو ان کی پہلی منزل وزارت خارجہ ٹھہری تھی۔
اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے ساتھ جیل میں قید والد سے ملنے کے لیے جاتے ہوئے بلاول کی ایک تصویر بھی ٹائم لائنز پر خاصی شیئر کی گئی۔ اس تصویر میں بلاول کو والدہ کا ہاتھ تھامے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ بختاور کو بے نظیر نے اٹھا رکھا ہے۔

حلف برداری کے بعد نئے پاکستانی وزیرخارجہ پہلے وزارت خارجہ پہنچے اور وہاں کے عملے سے ملے، جس کے بعد وہ چینی سفارت خانے پہنچے جہاں انہوں نے کراچی میں چینی باشندوں پر دہشت گرد حملے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردوں کے مذموم ارادے، پاکستان اور چین کی دوستی کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔‘

موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے کابینہ کی تشکیل کے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو حلف برداری ہوئی تھی، دوسری مرتبہ 22 اپریل کو کابینہ میں اضافہ ہوا جب کہ بدھ 27 اپریل کو تیسری مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کے حلف اٹھانے کے بعد کابینہ میں وفاقی وزرا کی تعداد 34 ہو گئی ہے جب کہ چار وزرائے مملکت بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔

شیئر: