امارات میں عید الفطر کےلیے ایس او پیز، ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی
جمعرات 28 اپریل 2022 5:13
عید الفطر کی نماز اور اس کا خطبہ 20 منٹ میں مکمل کیا جائے گا( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے اس سال عیدالفطر کی نماز کے لیے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق اس سال امارات میں عید الفطر کی تکبیرات نماز سے آدھے گھنٹے قبل لاؤڈ سپیکر کے ذریعے شروع ہوں گی۔عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز کا اہتمام کیا جائے گا۔ مساجد سے متصدل عوامی پارکنگ اور پارکوں سے استفادہ کیا جائے گا۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ جامع مساجد اورعید گاہوں کے دروازے نماز فجر کے بعد کھولے جائیں گے۔ نمازی سماجی فاصلے کا اہتمام کریں۔
عید الفطر کی نماز اور اس کا خطبہ 20 منٹ میں مکمل کیا جائے گا۔ پولیس، رضاکار اور آئمہ نمازیوں کی آمد ورفت کو منظم کریں گے۔ اژدحام سے بچانے کی کوشش کریں گے۔
نمازیوں کے لیے حفاظتی ماسک کا استعمال ضروری ہوگا۔ نمازیوں پر لازم ہوگا کہ وہ ایک میٹر کا فاصلہ رکھیں اور اپنی جا نماز ہمراہ لائیں۔ بھیڑ نہ کریں۔ نماز سے قبل اور اس کے بعد مصافحے سے پرہیز کریں۔ دور سے عید مبارک پر اکتفا کیا جائے۔
علاوہ ازیں امارات میں قدرتی آفات، بحرانوں اور ہنگامی حالات کے نگراں قومی ادارے نے عیدالفطر پروٹوکول جاری کیا ہے۔
قومی ادارے نےعید الفطر پر شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ الحصن ایپ کو ایکٹیو کریں۔
’حفاظتی ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کی جائے۔ خصوصا اس وقت کا اہتمام زیادہ کریں جب وہ معذوروں یا بوڑھوں یا لاعلاج امراض میں مبتلا افراد کے ساتھ موجود ہوں‘۔
ادارے کا کہنا ہے کہ ’عید ملن کا دائرہ اہل خانہ اور رشتہ داروں تک محدود رکھیں۔ مصافحے سے مکمل پرہیز کریں اور دور سے مبارکباد پر اکتفا کیا جائے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’عیدی دینے کے لیے آن لائن ذرائع استعمال کیے جائیں‘۔