آمدن سے زیادہ اثاثے، نیب کی فرح خان کے خلاف تحقیقات کی منظوری
جمعرات 28 اپریل 2022 13:54
پریس ریلیز کے مطابق ڈی جی نیب لاہور کو تحقیقات کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں (فوٹو: اے پی پی)
قومی احتساب بیورو نے فرحت شہزادی المعروف فرح خان اور چند دوسرے افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔
جمعرات کو نیب کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ افراد کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثوں، منی لانڈرنگ اور کاروبار کے نام پر بہت سے اکاؤنٹس رکھنے کے الزامات کی تحقیقات ہوں گی۔
پریس ریلیز کے مطابق نیب لاہور کے ڈی جی اس ضمن میں تحقیقات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فرح خان کے اکاؤنٹ میں پچھلے تین برسوں کے دوران 847 ملین روپے کی رقوم جمع ہوئیں جو کہ ان کے اکاؤنٹ کے پروفائل سے مطابقت نہیں رکھتا۔
’یہ رقوم ان کے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع ہونے کے بعد تھوڑی دیر بعد واپس نکال لی گئیں۔‘
پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میڈیا میں ایسی کئی رپورٹس سامنے آ چکی ہیں جن میں ان پر غیر قانونی طور پر اثاثے بنانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
’ان کے انکم ٹیکس کا ریکارڈ بتاتا ہے کہ 2018 کے بعد ان کے اثاثہ جات میں نامعلوم وجوہ کی بنا پر تیزی سے اضافہ ہوا۔ اس دوران انہوں نے مختلف ممالک کے سفر بھی کیے۔‘
نیب کے مطابق ’انہوں نے نو بار امریکہ اور چھ مرتبہ متحدہ عرب امارات کا سفر کیا۔‘
خیال رہے فرح خان سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست ہیں اور ان پر پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران مبینہ طور پر بدعنوانی کے الزامات لگتے رہے ہیں اور یہ بات بھی سامنے آئی کہ وہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد ملک سے فرار ہو گئی ہیں۔
فرح خان نے ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کی تھی۔