جدہ سمیت متعدد شہروں میں سکول بند، آج بھی بارش کا امکان
’طلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے تدریسی عمل آن لائن ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
غیر یقینی موسم کے باعث جدہ سمیت متعدد شہروں میں آج منگل کو کئی سکول بند رہے جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بھی بارش کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سکولوں کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’طلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے تدریسی عمل آن لائن ہوگا‘۔
ادھر محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، ریاض اور مشرقی ریجن میں بارش کے امکانات کے ساتھ تیز ہوا اور بعض علاقوں میں گرد اڑنے کے خدشات ہیں‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’تبوک، الجوف، شمالی حدود اور حائل میں دھند چھائی رہے گی‘۔
مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ بحرہ، جموم، القنفذہ اور رہاط میں تیز بارش کے باعث سیلابی ریلوں کے خدشات ہیں‘۔
’مدینہ منورہ ریجن کے الحناکیہ اور المہد شہروں میں رات 10 بجے تک موسم غیر یقینی رہے گا‘۔