اسلام آباد... مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے خلاف تمام تر کارروائیاں قانون کے مطابق کی گئیں ۔ٹرائل مکمل شفاف طریقے سے ہوا ۔جمعہ کوپریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادوہندوستانی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے۔ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے میں ملوث رہا ہے۔ کلبھوشن اپنی کارروائیوں سے پاکستان میں خانہ جنگی کرانا چاہتا تھا۔ اسے گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا ۔ کلبھوشن کا اعترافی بیان جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کیا گیا۔ تمام گواہوں کے حلفیہ بیانات ملزم کے سامنے ریکارڈ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن 40 د ن میں فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتا ہے۔ اپیلٹ کورٹ کے فیصلے پر آرمی چیف سے 60 دن میں معافی کی درخواست کی جاسکے گی۔ فیصلہ خلاف آنے پر 90 دن میں پاکستان کے صدر سے بھی معافی کی درخواست کا آپشن ہے۔ ایک سوال پر مشیر خارجہ نے کہا کہ 23 جنوری کو کلبھوشن سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔انہوںنے کہا کہ کلبھوشن کے پاس2 پاسپورٹ تھے۔ ایک ہند و اور دوسرا مسلم نام سے تھا ۔ دہلی کو اس با ت کی ضرور وضاحت کرنی چاہئیے۔