مریم نواز کی نامناسب ویڈیوز، تحریک انصاف کا کارکن گرفتار
انصاف لائر فورم کی طرف سے ملزم کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ایف ائی اے سائبر ونگ پشاور نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کے خلاف سوشل میڈیا پر پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف کی مبینہ جعلی اور نامناسب ویڈیو کی تشہیر کرنے پر سائبر کرائمز ایکٹ کے کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ملزم فیاض الدین کو کل بروز اتوار کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد آج پیر کے روز مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ مجسٹریٹ نے ملزم کو 14 روز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوا دیا۔
ملزم فیاض الدین کی گرفتاری کے بعد پشاور سٹی میں پی ٹی آئی کے کنوینئر عرفان سلیم نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے احتجاج کی کال دی ہے۔
دوسری جانب انصاف لائر فورم کی طرف سے ملزم کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف لائر فورم کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ شاہ فیصل الیاس نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اس طرح کے پولیٹیکل کیسز اکثر ہوتے رہتے ہیں، مکمل تفتیش کرنے سے پہلے ان کو کس بنیاد پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کیس کی فورینزک ویریفیکیش نہیں ہوئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’آج کل سائبر کرائم بہت بڑھ چکا ہے اور کسی کا بھی اکاؤنٹ بڑی آسانی سے ہیک کیا جاسکتا ہے۔ اس سے کسی قسم کا بھی مواد شیئر کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ملزم فیاض کا بھی اکاؤنٹ ہیک ہوچکا ہے۔‘
’اس سے غیر اخلاقی مواد شیئر کیا جا چکا ہے جس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں، اس طرح کے کیسز میں اگر کرائم ہوا ہو اور ملزم کا اس سے کوئی واسطہ نہ ہو تو عدالت بھی ان کو ضمانت پر رہا کرتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’امید ہے کہ عدالت اس کو ضمانت پر رہا کرے گی اور اس کیس کی مزید تفتیش کا حکم دے گی۔‘