نادر نسل کے 12 اونٹوں کے ڈی این اے سیمپل محفوظ
اونٹوں کی نسل سے متعلق تمام معلومات محفوظ کی جائیں گی( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں کیمل کلب اور کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کے اہلکاروں نے نادرنسل کے 12 اونٹوں کےڈی این اے سیمپل حاصل کرلیے۔
جن اونٹوں کے ڈی این اے کے سیمپل لیے گئے وہ شہزادہ سلطان بن محمد بن سعود الکبیر اور شہزادہ ترکی بن محمد بن سعود الکبیر کے ہیں۔
کیمل کلب اور کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال نادر اونٹوں کی نسل کے تحفظ کے لیے ان کے ڈی این اے جمع کررہے ہیں۔
سبق اور عاجل ویب کے مطابق اونٹوں کے معائنے اور میڈیکل لیباریٹری میں اندراج کی کارروائی میں پانچ روز صرف ہوئے۔ ڈی این اے جمع کرنے کے بعد اونٹوں کی نسل سے متعلق تمام معلومات محفوظ کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ جن اونٹوں کے ڈی این اے لیے گئے ہیں وہ غرنوق، الشامخ، الحاکم، شقران، شامان، العالی، نوفان، الکاید، خزام الشعل، ورقان اور الفاخر ہیں۔ ان کے بچوں کے ڈی این اے بھی لیے گئے ہیں۔
اس مہم کا مقصد نایاب نسل کے اونٹوں کا شجرہ نسب بھی محفوظ کرنا ہے۔ شہزادہ سلطان بن محمد اور شہزادہ ترکی بن محمد کے اونٹوں کے ڈی این اے کے بعد دیگر نایاب نسل کے اونٹوں کے دیگر17 مالکان سے بھی رجوع کیا جائے گا اور ان کے اونٹوں کے ڈی این اے سیمپل بھی لیےجائیں گے۔
انہوں نے ’وثقھا‘ پلیٹ فارم پر اندراج کرادیا ہے۔ پلیٹ فارم کی نگرانی کیمل کلب، کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کررہے ہیں۔ تکنیکی اورای کلینکل حوالے سے یہ تینوں ادارے اونٹوں کے ڈی این اے اوران کی تاریخ کے نگراں ہیں۔