Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرانشاہ میں خودکش دھماکہ، تین فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاک

خودکش دھماکے میں فوجی اہلکاروں کے علاوہ تین بچے بھی ہلاک ہوئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں ایک خودکش دھماکے میں تین فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سنیچر کو ہونے والے اس خودکش دھماکے میں پاکپتن کے 33 سالہ لانس حوالدار زبیر قادر، ہری پور سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ سپاہی عزیر اصفر، ملتان کے 22 سالہ سپاہی قاسم مقصود سمیت تین بچے بھی جان سے گئے ہیں۔
خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے بچوں احمد حسن، احسن اور انعم کی عمریں بالترتیب 11، آٹھ اور چار سال تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’اس سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور قاتلوں کے سرپرستوں کو سزا دے کر رہیں گے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلیجنس ایجنسیاں خودکش بمبار اور اس کے سہولت کاروں کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہیں۔

شیئر: