صدر یو اے ای کی وفات، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے لوگوز پر اظہارِ سوگ
مریم اورنگزیب کے مطابق اقدام وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یو اے ای کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے (فوٹو: پی آئی ڈی)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر پی ٹی وی اور ریڈیوز پاکستان کے تمام الیکڑانک بینرز اور ویب سائیٹس کے لوگو سائنز سوگ کے رنگ میں بدل دیے گئے۔
سوموار کو وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
’سرکاری ٹی وی کی تمام سکرینز، ریڈیو، اے پی پی، پی آئی ڈی کے تمام آفیشل ہینڈلز، سکرینز اور لوگو سائنز سوگ کے رنگ میں رہیں گے۔‘
مریم اورنگزیب کے مطابق ’یہ قدم یو اے ای کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اٹھایا گیا ہے اور اگلے تین روز تک ایسا ہی رہے گا۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خلیجی ممالک نے ایسے ہی اقدامات سے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے نجی میڈیا چینلز سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان کے دیرینہ دوست متحدہ عرب امارات کے عوام سے یکجہتی کے طور پر الیکٹرانک بینرز اور لوگو سائنز کو سوگ کے رنگ میں پیش کریں۔
مریم اورنگزیب نے ان چینلز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے بینرز اور لوگو سائنز سوگ کے رنگ میں پیش کر رہے ہیں۔