سعودی الیکٹرومن کے مملکت میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 100 چارجنگ پوائنٹس
سعودی الیکٹرومن کے مملکت میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 100 چارجنگ پوائنٹس
بدھ 18 مئی 2022 5:27
صارفین گوگل پلے یا ایپل سٹور کے ذریعے ایپ ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی الیکٹرومن کمپنی نے مملکت بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ پوائنٹس کے رول آؤٹ کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کمپنی کے عہدیداروں نے ریاض میں ایک تقریب میں اعلان کیا کہ نیٹ ورک میں مملکت بھر کے 100 مقامات شامل ہیں جو کہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے چلائے جاتے ہیں۔
یہ نیٹ ورک ڈرائیوروں کو ای وی چارجنگ سٹیشنز تک آسان رسائی کے ساتھ طویل سفر پر جانے کے قابل بنائے گا۔
الیکٹرومن کا چارجنگ نیٹ ورک اے سی ہوم/ آفس چارجرز، ڈی سی فاسٹ چارجرز سے لے کر ڈی سی الٹرا فاسٹ چارجرز تک تمام کسٹمر سیگمنٹس کے لیے خدمات کا ایک مکمل سپیکٹرم پیش کرے گا۔
سعودی الیکٹرومن کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ پہلے مرحلے میں نصب چارجرز اے سی ٹائپ 2 کنیکٹرز کا استعمال کرتے ہوئے سعودی سٹینڈرڈز، میٹرولوجی اور کوالٹی آرگنائزیشن کی طرف سے منظور شدہ تمام ہومولوگیٹیڈ گاڑیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہوں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دوسرے مرحلے میں 360 کلو واٹ تک کے اضافی اے سی چارجرز اور ڈی سی چارجرز شامل ہوں گے جس سے صارفین مؤثر طریقے سے 4 منٹ میں 100 کلومیٹر تک کا اضافہ کر سکتے ہیں۔
ایپ مئی کے شروع میں منتخب پیٹرومن ایکسپریس اور پیٹرومن آٹو کیئرآؤٹ لیٹس کے اندر چارج کرنے کے تمام مقامات دکھائے گی۔
یہ صارفین کو قریب ترین عوامی چارجر کا پتہ لگانے، اپنے راستے کی منصوبہ بندی کرنے، چارجر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اس کی حیثیت کو چیک کرنے اور انہیں اپنے چارجنگ سیشن کے آغاز اوراختتام کو مکمل طور پر کنٹرول کرنے کی اجازت دے گا۔
الیکٹرومن کے توانائی اورای وی انفراسٹرکچر کے ڈائریکٹر ٹونی مززون نے کہا کہ ’مملکت میں ای وی چارجنگ پوائنٹس کا رول آؤٹ ایک اہم قومی حکمت عملی کا ہمارا پہلا مرحلہ ہے جو 2030 اور اس سے آگے تک پھیلا ہوا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’الیکٹرومن کے جدید حل 2060 تک خالص زیرو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو حاصل کرنے اور 2030 تک ریاض میں 30 فیصد گاڑیاں الیکٹرک ہونے کے قومی ترجیحات اور وعدوں کے مطابق سعودی ای وی ایکو سسٹم کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔‘
الیکٹرومن کے کمرشل ڈائریکٹر گراہم ٹنکس نے کہا کہ ’الیکٹرومن مملکت میں پہلی کمپنی ہے جس نے ایس اے ایس او ریگو لیٹڈ چارجرز کا استعمال کرتے ہوئے عوامی چارجنگ کا حل پیش کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ الیکٹرومن جلد ہی اپنی ایپ میں اضافی خصوصیات اور اپ گریڈ متعارف کرائے گی تاکہ ان کی قیمت کی تجویز اور نیٹ ورک کے رول آؤٹ کے مستقبل میں توسیع کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو گوگل پلے یا ایپل سٹور کے ذریعے ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے، اپنے ادائیگی کارڈ کی تفصیلات رجسٹر کرنے کی ضرورت ہو گی۔
ایک وقف شدہ کال سینٹر ای وی صارفین کی چارجنگ، فالٹس یا تکنیکی خرابیوں میں رہنمائی اور مدد بھی کرے گا۔