فیڈرل بورڈ کا اوورسیز طلبہ کے امتحانات کے لیے تبدیل شدہ اوقات اور ڈیٹ شیٹ کا اعلان
فیڈرل بورڈ کا اوورسیز طلبہ کے امتحانات کے لیے تبدیل شدہ اوقات اور ڈیٹ شیٹ کا اعلان
جمعرات 19 مئی 2022 12:48
شاہد عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
میٹرک امتحانات کے اوقات تبدیل جب کہ انٹرمیڈیٹ کی ڈیٹ شیٹ کا اعلان کیا گیا ہے (فائل فوٹو: پاکستان سکول جدہ، فیس بک)
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے اوورسیز طلبہ کے لیے میٹرک کے امتحانات کے تبدیل شدہ اوقات کار جب کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعرات کو اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ کے ایگزامینیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث میٹرک کے امتحانات کا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے جب کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری کی گئی ہے، جس کا اطلاق بیرون ملک طلبہ پر بھی ہو گا۔
فیڈرل بورڈ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ مراسلہ میں کہا گیا تھا کہ میٹرک کے امتحانات پیر 23 مارچ سے امتحانات صبح نو بجے کے بجائے آٹھ بجے شروع اور 11 بجے ختم ہوں گے۔
مراسلے میں کہا گیا تھا کہ طلبہ و طالبات اپنے رول نمبر فیڈرل بورڈ کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل جاری کردہ شیڈول کے مطابق میٹرک کے پیپرز کا وقت صبح نو تا 12 بجے طے کیا گیا تھا۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کنٹرولر ایگزامینیشن فیڈرل بورڈ کے نمائندے نے بتایا کہ ’اوورسیز طلبہ و طالبات کے لیے بھی امتحانات کا ٹائم وہی ہے جو پاکستان میں موجود سٹوڈنٹس کے لیے ہے۔‘
ایک ہی وقت میں امتحان شروع کرنے کی وجہ سے اوورسیز طلبہ کو ممکنہ مشکلات کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’امتحانات میں چونکہ ایک ہی سوالنامہ استعمال ہو گا، اس لیے اندرون ملک اور بیرون ملک اوقات الگ الگ نہیں کیے جا سکتے۔‘
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان اور بیرون ملک میں امتحان دینے والے امیدواروں کے لیے الگ الگ سوالنامے مرتب کیے جاتے تھے، اس لیے ان کے امتحانات کے اوقات بھی الگ ہوتے تھے، تاہم اس مرتبہ ایسا نہیں کیا گیا ہے اور سابقہ معمول کے تحت ایک ہی سوالنامہ اوورسیز اور پاکستان میں موجود امیدوار استعمال کریں گے۔
وفاقی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات برائے تعلیمی سال 2022 میں کل دو لاکھ 40 ہزار طلبہ شریک ہو رہے ہیں جن میں اوورسیز سٹوڈنٹس کی تعداد 6853 ہے۔
فیڈرل بورڈ کے مطابق تین ہزار 607 سٹوڈنٹس نویں جماعت جب کہ 3246 طلبہ وطالبات دسویں جماعت کے امتحان میں شریک ہو رہے ہیں۔
میٹرک کے امتحانات کے لیے فیڈرل بورڈ نے کل 857 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں، ان میں سے 40 امتحانی سینٹرز اوورسیز ہیں جب کہ 817 پاکستان میں قائم کیے گئے ہیں۔
فیڈرل بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات 18 مئی سے شروع ہوئے جو وسط جون تک جاری رہیں گے۔
انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 14 جون سے شروع ہو کر آٹھ جولائی تک جاری رہیں گے جب کہ پریکٹیکل امتحان 19 جولائی سے شروع ہوں گے۔