Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز سے متعلق ریمارکس پر ایچ آر سی پی کا عمران خان سے معافی کا مطالبہ

مریم نواز کے خلاف اپنی تقریر میں نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر تنقید کی زد میں ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے انسانی حقوق کے کمیشن ایچ آر سی پی نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر سابق وزیراعظم عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سنیچر کو پاکستان ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملتان کے جلسے میں عمران خان کے ریمارکس معاشرے میں خواتین سے متعلق نفرت کو ظاہر کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات ناقابل قبول ہے کہ سیاسی بیانیے میں جنسی تعصب اور عدم رواداری ناقابل قبول ہے۔
ایچ ار سی پی کے مطابق عمران خان ایک قومی رہنما ہیں۔ ان کو قومی سطح پر سیاسی مخالفین سے بات کا طریقہ سیکھنا چاہیے۔
’ان کو ناصرف مریم نواز بلکہ تمام خواتین سے معافی مانگنی چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ملتان جلسے میں مریم نواز کے خلاف اپنی تقریر میں نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر تنقید کی زد میں ہے۔ 
عمران خان نے ملتان جلسے میں تقریر کے دوران مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مریم نواز نے تقریر میں اتنی مرتبہ جذبے اور جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم! دیکھو تھوڑا دھیان کرو، کہیں تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے۔
لاہور کی خصوصی عدالت میں پیش ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے نازیبا نہیں بلکہ گھٹیا الفاظ استعمال کیے۔‘

شیئر: