الذھب کمشنری کے صحرا میں لاپتہ سوڈانی چرواہا مل گیا
اونٹوں کو تلاش کے لیے جانے والا چرواہا راستہ بھٹک گیا تھا(فائل فوٹو سبق)
سعودی عرب میں الذھب کمشنری کے صحرا میں بھٹک جانے والے سوڈانی چرواہے کو 12 گھنٹے بعد تلاش کرلیا گیا۔
اونٹوں کو تلاش کے لیے جانے والا سوڈانی چرواہا راستہ بھٹک گیا تھا۔
سبق نیوز کے مطابق الذھب کمشنری میں غیر ملکی نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کا دوست جو صحرا میں اونٹوں کی دیکھ بھال کرتا ہے اونٹ کی تلاش میں صحرا گیا مگر راستہ بھٹک گیا، اب تک واپس نہیں آیا۔
اطلاع دینے والے نے پولیس کو مزید بتایا کہ ٹیلی فون پراس سے رابطہ کیاجس میں اس نے بتایا تھا کہ وہ راستہ بھٹک گیا ہے اوردرست سمت کا تعین نہیں کرپارہا۔
آخری کال کے بعد اس کا موبائل بھی بند ہوگیا جس پر پولیس نے علاقے کے رضاکاروں اور گمشدہ افراد کوتلاش کرنے والے یونٹس کی خدمات حاصل کی اور ممکنہ مقامات پراسے تلاش کرنے کی مہم کا آغازکیا۔
رضاکاروں کی ایک ٹیم کو گمشدہ سوڈانی چرواہا ایک وادی میں مل گیا جسے ٹیم نے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مخصوص گاڑی کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔