ریاض - - - - - سعودی عرب میں کام کرنیوالے3لاکھ سے زیادہ غیر ملکیوں کی عمریں 60سال سے زیادہ ہیں ۔ محکمہ شماریات نے 60سال سے زیادہ سعودی و غیر ملکی کارکنوں کی فہرست جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت 3لاکھ 36ہزار521غیر ملکی کام کر رہے ہیں جن کی عمریں 60اور 65سال کے درمیان ہیں ۔ اس کے بالمقابل 60سال سے زیادہ کام کرنیوالے سعودی شہریوں کی تعداد 36ہزار563ہے ۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ 60سال سے زیادہ کام کرنیوالوں میں 90فیصد غیر ملکی ہیں ۔ محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار 2016ء کی آخری سہ ماہی کی ہے ۔ محکمہ نے ادارہ سوشل انشورنس اورادارہ سول سروس کے تعاون سے سروے کیا تھا۔سروے وزارت محنت و سماجی فروغ کی سرپرستی میں کیا گیا۔سروے میں عسکری اور سرکاری اداروں میں کام کرنیوالوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ مکہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ہیومن ریسورسز کے ماہر نواف الضبیب نے بتایا کہ وژن 2030ء کے مطابق ملک میں 60سال سے زیادہ کارکنوں کی اتنی بڑی تعداد نہیں ہونی چاہئے ۔ نجی ادارے متعدد اسباب کی بناپر 60سال سے زیادہ عمر رکھنے والے کارکنوں کو ملازمت پر رکھے ہوئے ہیں ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے والے کارکنوں کا تجربہ بڑا وسیع ہے تاہم ان کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوانوں کو موقع دینا چاہئے ۔