پرنس خالد بن سلمان کی امریکی سینٹرل کمانڈ کے چیف سے ملاقات
ملاقات میں مشرق وسطٰی کی بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے پیر کو امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل کوریلا سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطٰی میں تبدیل ہوتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق پرنس خالد نے ملاقات کے بعد ٹویٹ میں لکھا ’ہم نے خطے کے مسائل سے نمٹنے، علاقائی اور عالمی استحکام کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘
پرنس خالد نے فلوریڈا میں سینٹرل کمانڈ ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا جو کہ ان کے دورے میں شامل تھا۔
سینٹرل کمانڈ کی ذمہ داری کا دائرہ مشرق وسطٰی، وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے کچھ حصوں پر محیط ہے۔
اتوار کو پرنس خالد نے امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن سے واشنگٹن میں ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے خطے میں ایران کی عدم استحکام کی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
انہوں نے یمن میں بننے والی تازہ ترین صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا، انہوں نے یمنی عوام کے لیے سعودی عرب کی اس خواہش سے بھی آگاہ کیا کہ ایسے جامع سیاسی حل تک پہنچا جائے جو یمن کو امن اور ترقی کی طرف لے جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور دنیا کی تنظیموں کو حوثی ملیشیا پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ تعیز کی سڑکیں کھولے، حدیدہ ایئرپورٹ کا ریونیو واپس کرے اور امن کے لیے ہونے والی کوششوں اور مذاکرات میں سنجیدگی سے حصہ لے تاکہ یمن استحکام اور خوشحالی کی طرف بڑھ سکے۔