تعلیمی شعبے میں سعودی، برطانوی تعاون مضبوط بنانے کا جائزہ
سعودی وزیر تعلیم نے منگل کو برطانوی وزرا سے ملاقات کی ہے( فوٹو الیوم)
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹرحمد بن محمد آل الشیخ نے منگل کو برطانیہ کے وزیر تعلیم ناظم الزھاوی اور برطانوی وزیراعظم کے نجی نمائندے برائے تعلیم ڈاکٹر اسٹیف اسمتھ سے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹرحمد بن محمد آل الشیخ انٹرنیشنل فورم برائے تعلیم 2022 میں شرکت کے لیے برطانیہ گئے ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں تعلیم اور سائنس کے شعبوں میں برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور خادم حرمین شریفین سکالر شپ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حال ہی میں خادم حرمین شریفین سکالر شپ پروگرام کی نئی حکمت عملی کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر مملکت میں تعلیم کے شعبے میں ہونے والی بڑی تبدیلی بھی زیر بحث آئی۔
علاوہ ازیں آن لائن تعلیم اور الیکٹرانک تعلیم کے شعبے میں سعودی عرب کے تجربے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان ریسرچ، اکیڈمی اور تعلیمی تعاون کے نئے مواقع ، نئے تعلیمی نصاب اور اس پر مسلسل نظرثانی کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انٹرنیٹ کے ذریعے عربی زبان سکھانے والے پروگراموں سے استفادہ اور سعودی ڈاکٹروں کا تربیتی پروگرام بھی زیر بحث آیا ہے۔