سعودی وزیر تعلیم سے امارات، لیبیا اور ڈومینکن کے وزرا کی ملاقاتیں
سعودی وزیر تعلیم سے امارات، لیبیا اور ڈومینکن کے وزرا کی ملاقاتیں
جمعہ 12 نومبر 2021 20:41
ڈاکٹر حمد آل الشیخ یونیسکو کے اجلاس میں شرکت کے لیے فرانس میں ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے پیرس میں متحدہ عرب امارات کے وزیر تعلیم و تربیت حسین الحمادی، مصری وزیر تعلیم و سائنس ریسرچ ڈاکٹر خالد عبدالغفار، لیبیا کے وزیر تربیت ڈاکٹر موسی المقریف، ڈومینکن کے نائب وزیر تعلیم ڈاکٹر ریفالڈ ایملو سے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹر حمد آل الشیخ ان دنوں یونیسکو کے اجلاس میں شرکت کے لیے فرانس میں ہیں۔ وہ سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان کی زیر قیادت سعودی وفد کا حصہ ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر تعلیم نے وزرائے تعلیم کے ساتھ ملاقاتوں میں ای ایجوکیشن اور فاصلاتی تعلیم کے سعودی ماڈل کے بارے میں بات چیت کی ہے۔
سعودی وزیر تعلیم نے کہا کہ ’دنیا بھر میں سعودی عرب کے ای ایجوکیشن پروجیکٹ کی ستائش کی جا رہی ہے اوراس سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے‘۔
وزرائے تعلیم نے کورونا وبا کے دوران تعلیم کے شعبے میں برادر اوردوست ملکوں کے تجربات، تعلیمی نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں تجربات کے تبادلے، کمسنی کے مرحلے، ریسرچ اور منفرد امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر یونیسکو میں متعین سعودی سفیر شہزادی ھیفا بنت عبدالعزیز آل مقرن اور سیکریٹری تعلیم برائےعالمی تعاون ڈاکٹر صالح القسومی بھی موجود تھے۔