تبوک میں 22 کلو چرس اور 35 ہزار نشہ آور گولیاں ضبط
’منشیات فروش کی نگرانی کی گئی اور ثابت ہوگیا کہ وہ ممنوعہ مواد کی تجارت میں ملوث ہے‘ (فوٹو: سبق)
محکمہ انسداد منشیات نے ایک شہری کو گرفتار کیا ہے جس کے قبضے سے 22 کلو چرس اور 35 ہزار سے زیادہ نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ کارروائی تبوک شہر میں مقامی پولیس کے تعاون سے ہوئی ہے۔
محکمے نے کہاہے کہ ’مذکورہ شخص کے بارے میں خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں‘۔
’منشیات فروش کی نگرانی کی گئی اور ثابت ہوگیا کہ وہ ممنوعہ مواد کی تجارت میں ملوث ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے ٹیم کے افراد نے خریدار کے بھیس میں اس سے ملاقات کی‘۔
’منشیات فروش سے بڑی مقدار میں چرس اور گولیاں خریدنے کی بات پکی کی گئی اور ریکارڈ شدہ نمبر کی کرنسی نوٹ تیار کئے گئے‘۔
’طے شدہ مقام پر جب لین دین ہو رہی تھی تو محکمے کے دیگر اہلکاروں نے چھاپا مار اور اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدہ شخص سے تفتیش جاری ہے اور اسے ضابطے کی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا‘۔