Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے 26 سال میں 94 ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کی، الربیعہ 

شاہ سلمان مرکز کی امداد سے 164 ملکوں کو فائدہ پہنچا ہے( فوٹو ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے 1996 سے 2022 تک گزشتہ 26 برسوں میں 94 ارب 600 ملین ڈالر سے زیادہ امداد کی اور اس سے 164 ملکوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ امریکی عرب تعلقات کی قومی کونسل کے زیر اہتمام وڈیو اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس کاعنوان’ سعودی عرب کی انسانیت نواز امداد تھا۔ 
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ ’سعودی عرب، شاہ سلمان مرکز کے ذریعے پوری دنیا میں ضرورت مندوں کی کس طرح اور کیا مدد کررہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ شاہ سلمان مرکز 2015 میں قائم ہوا تھا۔ اب تک 84 ملکوں میں تقریبا 2 ہزارمنصوبے نافذ کرچکا ہے۔ ان کی مجموعی لاگت 5 ارب 767 ملین ڈالر سے زیادہ ہے‘۔ 
شاہ سلمان مرکز نے فوڈ سیکیورٹی، تعلیم، صحت، خوراک، پانی، ماحولیاتی صحت، لاجسٹک خدمات، پناہ گاہوں کی فراہمی و قیام سمیت مختلف اہم شعبوں میں امدادی کام کیے۔ 175 عالمی اداروں کی شراکت سے امدادی منصوبے نافذ کیے گئے۔ سب سے زیادہ امدادی کام یمن میں کیا گیا۔ شاہ سلمان مرکز کے تحت 4 ارب ڈالر سے زیادہ لاگت کے 700 سے زیادہ منصوبے نافذ کیے جاچکے۔
الربیعہ نے کہا کہ’ شاہ سلمان مرکز نے دنیا بھر میں 815 منصوبے خواتین کی صلاح و فلاح کے لیے نافذ کیے جن سے 113 ملین سے زیادہ خواتین نے فائدہ اٹھایا۔ ان پر 533 ملین ڈالر لاگت آئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ شاہ سلمان مرکز نے تعلیم اور ٹریننگ کے شعبوں میں 200 سے زیادہ رضاکارانہ پروگرام کیے جن سے 22 ملکوں میں  چار لاکھ 83 ہزار افراد کو فائدہ ہوا۔‘ 
 الربیعہ نے کہا کہ ’سعودی عرب پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے بڑے ممالک میں سے ایک ہے۔ مملکت کے اندر 1074153 پناہ گزینوں کی میزبانی کی جارہی ہے۔ ان میں سے561911 کا تعلق یمن، 262573 کا تعلق شام، 249669 کا میانمار سے ہے‘۔ 
سعودی عرب پناہ گزینوں کو علاج اور تعلیم کی بھی مفت سہولت مہیا کررہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ’ مملکت نےکورونا وبا کے انسداد میں عالمی سطح پر حصہ لیا۔ 850 ملین 8 لاکھ 25 ہزارڈالر سے زیادہ خرچ کیے۔ 34 سے زیادہ ممالک کو کورونا سے بچاؤ اور علاج کے حوالے سے امداد فراہم کی ہے‘۔
مملکت نے جی 20 انشیٹو کے تحت 500 ملین ڈالر لاگت کی ویکسینیں تقسیم کرانے میں بھی تعاون کیا ہے۔

شیئر: