Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جانی ڈیپ نے مقدمہ جیت لیا لیکن ایمبر ہرڈ کو ہرجانہ دیں گے

جیوری نے فیصلے میں کہا ہے کہ ایمبر ہرڈ جانی ڈیپ کو ایک کروڑ ڈالر ہرجانہ ادا کریں (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ میں جیوری نے ہالی وڈ اداکار جانی ڈیپ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ان کی سابقہ اہلیہ کی جانب سے جسمانی تشدد کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق جیوری نے بدھ کو اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ایمبر ہرڈ جانی ڈیپ کو ایک کروڑ تین لاکھ پچاس ہزار ڈالر ہرجانہ ادا کریں۔
جیوری نے اداکارہ ایمبر ہرڈ کے حق میں بھی فیصلہ سنایا جنہوں نے ڈیپ کے وکیل پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ان کی ہتک عزت کی وجہ بنے۔ ایمبر کے بقول جانی ڈیپ کے وکیل نے ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو ایک ’فراڈ‘ قرار دیا تھا۔
امریکی جیوری نے جانی ڈیپ کو اپنی سابقہ اہلیہ کو 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جانی ڈیپ نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی جیوری نے مجھے میری زندگی واپس لوٹا دی۔‘
اداکارہ ایمبر ہرڈ جیوری کے فیصلے سے غیرمطمئن تھیں، انہوں نے کہا کہ ’آج میں جو مایوسی محسوس کر رہی ہوں وہ ناقابل بیان ہے۔ میں دلبرداشتہ ہوں کہ اتنے ثبوت بھی میرے سابق شوہر کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے کافی نہیں تھے۔‘

ایمبر ہرڈ نے کہا کہ ’آج میں جو مایوسی محسوس کر رہی ہوں وہ ناقابل بیان ہے‘ (فوٹو: روئٹرز)

جونی ڈیپ کا ایمبر ہرڈ سے تنازع کیا تھا؟

جانی ڈیپ نے اپنی سابقہ اہلیہ کے خلاف 2018 میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایمبرڈ ہرڈ نے واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں خود کو ’گھریلو تشدد کی نمائندہ عوامی شخصیت‘ کے طور پر پیش کیا تھا۔
ڈیپ کے وکلا کا موقف تھا کہ اس مضمون سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے حالانکہ اس آرٹیکل میں ڈیپ کا نام نہیں لکھا گیا تھا۔
ڈیپ نے فیئر فیکس کاؤنٹی سرکٹ کورٹ میں ہرڈ کے خلاف دسمبر 2018 کی ایک آپشن ایڈ پر مقدمہ دائر کیا جس میں انہوں نے واشنگٹن پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ خود کو "گھریلو بدسلوکی کی نمائندگی کرنے والی عوامی شخصیت" کے طور پر بیان کرتی ہے۔ ان کے وکلاء نے کہا کہ آرٹیکل کے ذریعہ ان کی بدنامی ہوئی ہے۔
اداکارہ ایمبر ہرڈ نے جانی ڈیپ پر جنسی تشدد کا الزام بھی عائد کیا تھا۔
ڈیپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہرڈ کو کبھی جسمانی تشدد کا نشانہ نہیں بنایا تھا بلکہ وہ بدسلوکی کرتی تھیں۔
ورجینیا کیس میں، ڈیپ کو نہ صرف یہ ثابت کرنا تھا کہ انہوں نے ایمبر ہرڈ پر کبھی حملہ نہیں کیا، بلکہ یہ وضاحت بھی کرنا تھی کہ ہرڈ کے مضمون سے ان کی ہتک عزت ہوئی۔
ڈیپ نے جیوری کے روبرو کہا تھا کہ مقدمے کی سماعت نے انہیں اپنی صفائی کا ایک ایسا موقع فراہم کیا جس کی انہیں یو کے ٹرائل نے کبھی اجازت نہیں دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ کیا ہوتا ہے، میں یہاں پہنچ گیا اور میں نے سچ کہا۔ میں نے ان تمام چیزوں پر بات کی جسے کہتے ہوئے میں چھ سال سے ہچکچا رہا تھا۔‘
دوسری جانب ایمبر ہرڈ نے جیوری کے سامنے موقف اپنایا کہ ’جانی نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ میری زندگی برباد کردے گا، میرا کیریئر برباد کردے گا۔ وہ مجھ سے میری زندگی چھین لے گا۔‘
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں کی ملاقات 2011 میں فلم ’دی رم ڈائری‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی اور دونوں کی شادی 2015 سے 2017 تک قائم رہی تھی۔

شیئر: