Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

10 نکات جو کسی ہدف کے حصول میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں

اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ انہیں کہیں لکھ لیں (فائل فوٹو: انسپلیش)
جب بھی انسان اپنے طے کیے گئے اہداف کو حاصل کرنے کے قریب پہچتا ہے تو خوشی کے ساتھ ساتھ اطمینان بھی محسوس کرتا ہے۔ اہداف کا حصول شاید اتنا بڑا کام نہ ہو جتنا کہ ان کا تعین ہے۔
زندگی میں سب سے مشکل کام اہداف کا وضع کرنا اور پھر ان کا تحفظ کرنا ہے۔ اکثر لوگ اپنے اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں جس کی ایک وجہ مختلف عناصر کا راہ میں رکاوٹ بننا اور حصول کے اس سفر کے دوران اہداف سے توجہ کا ہٹ جانا ہے۔
ایسی ہی رکاوٹوں سے بچنے کے لیے سیدتی میگزین نے کچھ نکات پیش کیے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ نکات متعدد بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں کی جانے والی نفسیاتی تحقیقات پر مبنی ہیں۔
خود اعتمادی اور اہداف کو لکھنا
کسی مقصد کا تعین کرنے کا پہلا قدم خود پر مطلق یقین رکھنا ہے۔ اگر آپ کو خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد نہیں ہے تو آپ اپنے عزم سے ہٹ بھی سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے اردگرد دیکھیں تو ایسی بہت سی چیزیں نظر آئیں گی جو ابتدائی طور پر کسی کے خیال کی تخلیق ہوں گی لیکن اسے حقیقت میں ڈھالنے کے لیے یقیناً بہت محنت کرنا پڑی ہوگی۔
اپنے اہداف کو ضرور کہیں نہ کہیں لکھیں۔ ان کے حصول کے لیے تفصیلی منصوبہ بنائیں اور باقاعدہ ایک ٹائم لائن کے تحت ان مقاصد کے لیے کوشش کریں۔ لکھنے سے بہت کچھ واضح ہو جاتا ہے۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اپنے اہداف لکھنے والا شخص ان کے حصول میں 42 فیصد زیادہ کامیاب ہوتا ہے۔

ٹائم لائن کے تحت مقاصد کا حصول ممکن بنائیں (فائل فوٹو: انسپلیش)

مخصوص اہداف طے کریں
اگر آپ کی سمت مبہم ہے تو اہداف کا حصول مشکل ہو جائے گا۔ طے شدہ اہداف کو پانے کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مخصوص سمت میں چلا جاتا ہے جس کے بعد ان کا حصول ممکن ہوتا ہے۔
قابل امکان اہداف کا تعین بھی بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کے اہداف مخصوص معیارات پر طے کیے گئے ہیں تو آپ ان کے حصول کی طرف باآسانی پیش رفت کر سکتے ہیں۔ 
قابل حصول اہداف کا تعین کریں
اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا ہدف آپ کی طرز زندگی کے مطابق ہو۔ اگر آپ کے پاس کچھ حاصل کرنے کے لیے وقت، رقم، یا تجربہ نہیں ہے تو آپ اپنے آپ کو ناکام سمجھیں گے اور اس سے آپ کا حوصلہ بھی پست ہوگا۔
اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنے اہداف کو دانش مندی کے ساتھ طے کر رہے ہیں اور یہ کہ آپ کے پاس ایک حقیقت پسندانہ ٹائم فریم ہے جو آپ کو ان اقدامات پر عمل درآمد کرنے میں سہولت دے گا۔
حقیقت پسندانہ اہداف اور ٹائم لائن طے کریں
آپ کا مقصد ایک ایسا حقیقت پسندانہ ہدف ہونا چاہیے جس کے لیے آپ رضامند اور قابل ہوں۔ یہ صرف آپ خود ہی طے کر سکتے ہیں کہ آپ کا مقصد کتنا اہم ہے۔ لیکن آپ کو یقینی بنانا ہوگا کہ مقصد کو حاصل کرنے کے لیے حقیقت پسندانہ امکان موجود ہے۔
مقاصد کے حصول کے لیے ایک ٹائم لائن طے کریں کہ کب کیا کرنا چاہیے۔ حتمی تاریخ طے کرنے سے مقاصد کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور جیسے جیسے اس کی تکمیل کی طرف پہنچیں گے تو حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔ 

اپنی صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیں اور دوسروں سے مدد ضرور مانگیں (فائل فوٹو: انسپلیش)

جواب دہ ہونا پسند کریں
جب آپ کسی مقصد کی جانب بڑھ رہے ہوتے ہیں تو یاد رکھیں کہ راستے میں مشکلات بھی آئیں گی۔ جب آپ کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے تو اپنا محاسبہ کریں۔ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو اپنے اہداف کے بارے میں بتانے سے کم از کم یہ ہوگا کہ وہ ان سے متعلق اکثر آپ کو جواب دہ ٹھہراتے رہیں گے۔
ضرورت پڑنے پر مدد طلب کریں اور پیش رفت کا جائزہ لیں
اپنے آس پاس کے لوگوں سے ضرور سیکھیں۔ کسی سے مدد مانگنا شرم کی بات نہیں ہے۔ اور اکثر اوقات اپنی صلاحیتوں کا جائزہ لیں اور جہاں مدد چاہیے ہو ضرور مانگیں۔ 
مستقل طور پر اپنی پیش رفت کا جائزہ لیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے مقاصد بھی تبدیلی ہوتے رہتے ہیں۔
یاد رکھیں حتمی نتیجہ ضروری نہیں ویسا ہی ہو جو آپ نے شروع میں طے کیا ہو۔ اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا اور اہداف کے حصول کے دوران اپنی پیش رفت کا مستقل جائزہ لیتے رہیں۔

شیئر: