اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی پر 10 ہزار غیر ملکی اور سعودی گرفتار
غیرملکیوں کو قید، جرمانے اور بے دخلی کی سزا دی جاتی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اقامہ و ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی پر 10 ہزار 786 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سعودی اور غیرملکی دونوں شامل ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ’ سعودی قانون کے بموجب کسی بھی مقامی شہری یا مقیم غیرملکی کو اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کریں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ یہ بات بار بار بتائی جاچکی ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو روزگار فراہم کرنا، انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا کسی بھی شکل میں سفر کی سہولت فراہم کرنا، رہائش کا بندوبست کرنا یا پناہ دینا خلاف قانون ہے‘۔
اس پر قید اورجرمانے کی سزا دی جاتی ہے جبکہ غیرملکیوں کو قید اور جرمانے کے علاوہ مملکت سے بے دخلی کی سزا دی جاتی ہے۔