حج آپریشن، اسلام آباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں سے حج پروازیں
پاکستان کے مختلف شہروں سے آج پیر سے حج آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد سے پہلی حج پرواز پی کے 474 صبح تین بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوئی۔
سرکاری حج سکیم کے تحت 327 عازمین حج اسلام آباد سے مدینہ روانہ ہوئے۔
آج اسلام آباد سے دو مزید پروازیں سعودی عرب روانہ ہوں گی۔ لاہور سے تین جبکہ کوئٹہ اور ملتان سے ایک ایک پرواز عازمین حج کو سعودی عرب پہنچائے گی۔
لاہور سے ایئر بلیو کی فلائیٹ پی اے 476 دو سو عازمین حج کو لے کر اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک بجکر 55 منٹ پر مدینہ کے لیے روانہ ہوئی۔
حج فلائٹ آپریشن کے پہلے دن دو ہزار 331 عازمین سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں۔
جمعے کو ترجمان مذہبی امور نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’106 حج پروازوں کے ذریعے 32 ہزار عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ اسلام آباد سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 42 پروازیں چلائی جائیں گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ فلائٹ شیڈول ویب سائٹ پر آویزاں ہے جبکہ عازمین کو موبائل میسج بھی بھیجے گئے ہیں۔
ترجمان مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ عازمین حج جاری شیڈول کے مطابق قریبی اعتماد سینٹر سے بائیو میٹرک کروائیں۔ لازمی ویکسینز، شناختی لاکٹ، پاسپورٹ، حج ویزہ، ٹکٹ، ریسٹ بینڈ کے حصول کے لیےحاجی کیمپ سے رابطہ کریں۔
پرواز سے 72 گھنٹے کے اندر کووڈ پی سی آر ٹیسٹ سعودی منظور شدہ چھ لیبارٹریز سے کرانا لازمی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لیے حاجی کیمپوں میں منظور شدہ لیبارٹریوں کے بوتھ قائم کر دیے ہیں۔
سعودی عرب روانگی کے لیے عازمین حج کا پی سی آر (منفی) ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا۔
پی سی آر ٹیسٹ کے واجبات چار ہزار 250 روپے عازمین حج کو خود ادا کرنا ہوں گے۔