Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا ایلون مسک اب یوٹیوب خریدنے جارہے ہیں؟

منگل کو ایلون مسک نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’یوٹیوب نہ ختم ہونے والے دھوکے بازی کے اشتہارات جیسا لگتا ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک اپنے طنز و مزاح سے بھرپور ٹویٹس کی وجہ سے دن بھر سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر ٹرینڈنگ میں رہتے ہیں۔
کبھی ایلون مسک ٹویٹر پر ٹافیوں کی کمپنی کھولنے کا کہتے ہیں تو کبھی کوکا کولا کو خریدنے کی بات کر دیتے ہیں۔
ایلون مسک نے جب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کو خریدنے کا ارادہ کیا ہے، اس کے بعد صارفین انہیں دنیا کی تقریباً ہر چیز خریدنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
منگل کو ایلون مسک نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’یوٹیوب نہ ختم ہونے والے دھوکے بازی کے اشتہارات جیسا لگتا ہے۔‘

اس ٹویٹ کے نیچے دلچسب تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
پومپ نامی صارف کہتے ہیں ’ایک بار اگر آپ کو آزادی رائے کی پالیسیوں کے بارے میں پتا چل گیا تو آپ وہ بھی خرید لیں گے۔‘

ہیریسن کرینک نامی صارف کہتے ہیں ’بھائی، آپ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ اشتہارات کے بغیر یوٹیوب پریمئیر صرف 8 ڈالرز کا ہے۔‘

وشال کہتے ہیں ’ایلون مسک، براہ کرم یوٹیوب خریدیں، اور تمام اشتہارات ختم کر دیں۔‘

جونی ٹیلر نامی صارف نے کہا ’یہ بندہ 44 بلین ڈالر ٹویٹر خریدنے کے لیے دے سکتا ہے لیکن یوٹیوب پریمئیر کے لیے 11.9 ڈالر نے دے سکتا۔‘
 

ایلون مسک کے بارے میں عام لوگوں کا یہ خیال ہے کہ اپنی دولت سے دنیا کی ہر چیز خرید سکتے ہیں۔

اسی لیے اپریل 2022 میں سوشل میڈیا پر میمز کے ذریعے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ ایلون مسک معروف فوڈ چین ’مکڈونلڈز‘ خرید کر اس کی تمام آئس کریم مشینیں ٹھیک کرنے والے ہیں۔‘

اس کے جواب میں ایلون مسک نے کہا ’دیکھیے میں معجزات نہیں کر سکتا۔‘

واضح رہے ایلون مسک ٹویٹر خریدنے کے بعد اس میں آزادی رائے اور اصلی اکاؤنٹس کی سرگرمیوں کے لیے پرعزم ہیں اور اسی وجہ سے بقیہ انٹرنیٹ کی کمپنیوں پر طنز اور تنقید کرتے رہتے ہیں۔

شیئر: