سعودی عرب کی مویشی منڈیوں میں جانور 50 فیصد مہنگے
تاجروں کے مطابق چارہ مہنگا ہونے اور دیگر اسباب کے باعث قیمتیں بڑھی ہیں (فوٹو: المرصد)
سعودی عرب کی مویشی منڈیوں میں جانور پچاس فیصد تک مہنگے ہوگئے ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ’چارہ مہنگا ہونے اور دیگر اسباب کے باعث مویشیوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔‘
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مویشیوں کے ایک تاجر عبداللہ القرنی نے بتایا کہ ’چھ ماہ قبل جانور جس قیمت میں دستیاب تھے اب ان کی قیمتیں پچاس فیصد تک بڑھ چکی ہیں۔ ان دنوں مویشی 1500 سے 2200 ریال میں فروخت ہورہے ہیں۔‘
عبداللہ القرنی نے مہنگائی کے اسباب کے حوالے سے بتایا کہ ’چارہ مہنگا مل رہا ہے۔ پہلے رمضان اوراس کے بعد تعطیلات اب عید الاضحٰی اور حج موسم قریب ہے۔ یہ تمام چیزیں مہنگائی کا باعث بنتی ہیں۔‘
ایک اور تاجر محمد الاسمری نے کہاکہ ’سچی بات یہ ہے کہ چارہ مہنگا ہونے اور بعض افراد کی جانب سے مویشی منڈی کو کنٹرول کرنے کی کوشش سے قیمتیں بڑھی ہیں۔‘
مویشیوں کے ایک اور تاجر نے بتایا کہ ’جو جانور چھ ماہ قبل ایک ہزار ریال میں دستیاب تھا اب اس کی قیمت 1500 ریال ہو چکی ہے اور جس کی قیمت 1500 ریال تھی اب وہ دو ہزار سے 2200 ریال تک میں فروخت ہورہا ہے۔‘