’بکرا منڈی میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ غیر ملکی ہیں‘
’جس مویشی کی قیمت ایک ماہ پہلے 13 سو ریال تھی، آج 18 سو ریال میں ہے‘ ( فوٹو: الیوم)
صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے سعودی شہری عبد الرحمن العجیمی نے کہا ہے کہ بکرا منڈی میں قیمتوں میں اضافہ منافع خور تاجر اور غیر ملکیوں کی وجہ سے ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’کسی بھی قسم کے غذائی مواد کا جائزہ لیں یا سبزی اور پھلوں کو دیکھ لیں، ہر چیز کی قیمت میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے سوائے مویشیوں کے‘۔
’ان قیمت میں ہمیشہ اضافہ ہی ہوتا رہتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ بکرا منڈی پر غیر ملکیوں کا قبضہ ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’بکرا منڈی پر 90 فیصد غیر ملکی چھائے ہوئے ہیں جو من مانی کرتے رہتے ہیں‘۔
ٹی وی چینل روتانا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’جس مویشی کی قیمت ایک ماہ پہلے 13 سو ریال تھی، آج 18 سو ریال میں ہے‘۔
’رمضان، حج اور سکول تعطیلات آتے ہی مویشیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں‘۔
’چار سا ل پہلے ہم نے مویشیوں کے تاجروں پر دباؤ ڈال کر قیمتیں کم کروانے میں کامیابی حاصل کی تھی‘۔
’اب جبکہ رمضان کا سیزن شروع ہونے والا ہے تو تاجروں نے پھر سے مویشیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے‘۔
’متعلقہ سرکاری اداروں کو اس حوالے سے مداخلت کرنی چاہئے، تاجروں کی من مانی کو روکنے کے لیے ضوابط کا تقرر بہت ضروری ہے‘۔