Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : کاغذ اور پلاسٹک کے گوداموں میں آتشزدگی

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شہر کے مختلف علاقوں میں پیر کے دن آتشزدگی کے 2 بڑے واقعات پیش آئے ۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا کہ پہلا واقعہ شہر کے جنوبی علاقے میں پیش آیا۔ علاقے میں واقع کاغذ کے گودام میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگ گئی ۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفا ع کے متعدد یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچے جنہو ں نے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کر دی ۔ گودام میں بڑی مقدار میں کاغذ کے رول اسٹور کئے گئے تھے جو فوری طور پر آگ پکڑ لیتے ہیں جس کے سبب فائر فائٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اس سے اٹھنے والے شعلے دور سے دکھائی دے رہے تھے جبکہ کاغذ جلنے سے پیدا ہونے والا دھواں میلوں دور سے دیکھا جاسکتا تھا ۔ خبر کی تحریر تک آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا ۔ کرنل سرحان کے مطابق آتشزدگی کا دوسرا واقعہ بھی جنوبی علاقے میں واقع پلاسٹک کے گودام میں پیش آیا جو عمارت کے تہہ خانے میں بنایا گیا تھا ۔ محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے مذکورہ گودام میں لگی آگ پر جلد ہی قابو پالیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔

شیئر: