Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور پاکستان تشدد کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے، ابا الخیل

اسلام آبا د- - - - - انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف پاکستان اور مملکت سعودی عرب کی جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی ۔پاکستان کے مفادات سعودی عرب کو عزیز ہیں ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہدووزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف اور نائب ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کے حکم پر اسلامی یونیورسٹی کے تحت مختلف مذاہب کے درمیان مکالمہ کا سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے ۔ یہ بات امام محمد بن سعوداسلامی یونیورسٹی ریاض کے چانسلر ڈاکٹر سلمان عبد اللہ ابا الخیل نے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر سے ملاقات کے دوران کہی ۔اس موقع پر جامعہ اسلامیہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر یوسف الدرویش بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر سلمان عبد اللہ ابا الخیل نے کہا کہ پاکستانی قوم کی ارض حرمین شریفین سے محبت لازوال ہے ۔ پاکستانی فوج نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف بھرپور کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔پاکستانی قوم کا ارض حرمین شریفین کے دفاع اور تحفظ کیلئے مؤقف پوری دنیا پر واضح ہے اور عالم اسلام اس کی قدر کرتا ہے ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمدطا ہر محمود اشرفی نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ اسلام آباد، سعودی عرب کا پاکستان اور عالم اسلام کیلئے عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مسلم امہ کے اتحاد کیلئے سعودی عرب کی قیادت کی جدوجہد قابل تحسین ہے ۔عالمی عسکری اتحاد کے ساتھ ساتھ عالمی فکری اتحاد میں مسلم علماء اور مفکرین کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل جامعہ امام اور جامعہ اسلامیہ کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی عسکری اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ پوری قوم کا فیصلہ ہے اور جنرل راحیل شریف کی تعیناتی پر ہمیں فخر ہے ۔ دوسری طرف اسلام آبا دمیں سعودی سفارتخانہ نے امام محمد بن سعود یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر سلمان ابا الخیل کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جس میں پاکستانی حکام ، علمائ اور غیرملکی سفارتکار شامل تھے۔

شیئر: