Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریٹائرڈ فوجی مراعات واپس کرکے سیاست میں آ جائیں: مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ریٹائرڈ فوجی مراعات واپس کر کے سیاست میں آ جائیں۔
جمعرات کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں ریٹائرڈ فوجی افسران کی پریس کانفرنس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں وہ مناظر یاد ہیں جب صحافیوں کے سوالات کا جواب دیے بغیر وہ بھاگ گئے۔
مریم نواز نے ریٹائرڈ فوجیوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ تفریق پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو قابل افسوس ہے۔
انہوں نے بنی گالہ کو منی گالہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت میں عوام کے ٹیکسوں کا سارا پیسہ وہاں جا رہا تھا۔
’اب عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں چار ماہ قبل علم تھا کہ حکومت جا رہی ہے، اس پر سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب علم تھا تو دھمکی آمیز خط اور بیرونی مداخلت کا ڈرامہ کیوں رچایا۔‘
مریم نواز نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے خاندان والوں کے ساتھ تعزیت کرتی ہیں۔

مریم نواز نے فرح گوگی پر الزام لگایا کہ اصل میں پنجاب وہ چلا رہی تھیں، عثمان بزدار نام کے وزیراعلیٰ تھے (فوٹو: ٹوئٹر)

انہوں نے ایک بار پھر فرح گوگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اصل میں پنجاب کو وہ چلا رہی تھیں، عثمان بزدار صرف نام کے وزیراعلیٰ تھے۔
’وہ اور سابق خاتون اول پانچ، پانچ کیریٹ کی انگوٹھیاں لیتی تھیں۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج ایک ایسا شخص وزیراعظم ہے جس کو عوام کے درد کا احساس ہے اور وہ دن رات ریلیف کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کے مطابق ’حکومت سب سے زیادہ توجہ لوڈشیڈنگ اور معیشت پر دے رہی ہے۔‘

مریم نواز نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی وفات پر افسوس کا اظہار بھی کیا (فوٹو: ٹوئٹر، عامر لیاقت حسین)

مریم نواز کے بقول ’2018 میں نواز شریف نے عمران خان کو زیر لوڈشڈنگ والا پاکستان دیا تھا اور جو انہوں نے دیا اس میں پانچ سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔‘
’اگر نواز شریف اور شہباز شریف نہ ہوتے تو آج پاکستان میں بجلی نہ ہوتی۔‘
مریم نواز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ ہی 28 ارب روپے کا پیکیج بھی دیا ہے جس میں عوام کو تیل پر سبسڈی مل رہی ہے اور اس کو بجٹ میں بھی ڈالا جا رہا ہے۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں سستے آٹے کی فراہمی کی بات کی تو ان کا مذاق اڑایا گیا مگر انہوں نے ایسا کر کے دکھا دیا۔

شیئر: