کورونا کے نازک کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف ریجنز میں کورونا کے 932 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اب تک وائرس سے مجموعی طورپرمتاثر ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 76 ہزار137 تک پہنچ گئی۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق جمعہ کے روز 2 افراد کی ہلاکت کے بعد اب تک ہونے والی اموات کی کل تعداد 9 ہزار 167 ہو گئی۔
گزشتہ ایک روز میں کورونا کے شکار 659 افراد اس مرض سے صحتیاب ہوگئے جس کے ساتھ ہی وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 58 ہزار 188 پہنچ گئی۔
مملکت کے مختلف ریجنز میں گزشتہ ایک دن میں 9 نازک کیسز ریکارڈ کیے جانے کے بعد اب انتہائی سنگین کیسز کی تعداد 99 ہو چکی ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک مملکت میں 6 کروڑ63 لاکھ 2 ہزار 643 ویکسین کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے وزارت صحت کے سیکریٹری ڈاکٹر ھانی جوخدار کا کہنا تھا کہ لوگوں نے احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کرنا چھوڑدیا جس کی وجہ سے نئے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
ڈاکٹر جوخدار کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے بچاو کےلیے ویکسینیشن کا کورس مکمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیرپرعمل کیا جائے