Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صبیحہ خانم :پاکستانی فلموں کی ’خاتونِ اوّل‘

صبیحہ خانم کو اداکاری اپنی والدہ سے ورثے میں ملی (فائل فوٹو)
برصغیر کی رومانوی لوک داستانوں کو فلمانے کا رواج پاکستان اور ہندوستان میں یکساں مقبول رہا ہے۔ بیسویں صدی کی چوتھی دہائی میں عشق کی مشہور داستان ’سسی پنوں‘ پر کلکتہ میں ایک فلم بنائی گئی۔ 
داؤد چاند کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم میں اقبال بیگم نے سسی کا کردار ادا کیا۔ تقسیم ہند کے بعد اسی موضوع پر انیس سو چھپن میں بننے والی فلم کے ہدایت کار تو وہی تھے مگر اس بار ہیروئن پہلے والی نہ تھی۔ ’سسی‘ کا کردار نبھانے والی صبیحہ خانم کوئی اور نہیں بلکہ انہی اقبال بیگم کی بیٹی تھیں۔ 
قیام پاکستان کے بعد فلم نگری میں مقبول اور مشہور ہونے والی فلمی ہیروئنوں میں سب سے خوبرو، خوش جمال اور کامیاب اداکارہ صبیحہ خانم ہی تھیں جنہوں نے تین دہائیوں تک پاکستانی فلمی سکرین اور فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا۔
یہاں تک کہ ساٹھ کی دہائی تک پاکستان میں بننے والی دس  فلموں میں سے سات کی ہیروئن صبیحہ بیگم  ہوتی تھیں۔
دو برس قبل 13 جون 2020 کو کرونا وبا کے ہنگام  صبیحہ خانم اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ اس وقت موت کے خوف کے ماحول میں ایک رجحان ساز اداکارہ کی جدائی کا تذکرہ نہ ہونے کے برابر ہوا۔
صبیحہ خانم کو اداکاری اپنی والدہ سے ورثے میں ملی مگر خود ان کی والدہ کے پردہ سیمیں پر نزول کا قصہ ایک رومانوی فلم کی کہانی کی طرح دلچسپ اور پنجاب کی کسی لوک داستان سے ملتا جلتا ہے۔ 
صبیحہ کی فلموں، کامیابیوں اور سنتوش کمار کے ساتھ طوفانی محبت کے تذکرے سے قبل ان کے والدین کی دلچسپ مگر حقیقی داستان کا تذکرہ ہو جائے۔ 
بالو اور ماہیا کی داستان عشق  
گجرات کی دھرتی سے ’سوہنی ماھیوال‘ کی لازوال داستان عشق نے جنم لیا۔ تقریبا ایک صدی قبل اسی سرزمین پر محبت کی ایک حقیقی داستان منظرعام پر آئی۔

صبیحہ کی سنتوش کمار کے ساتھ رومان اور شادی بھی کسی فلم کی رنگ بدلتی کہانی سے کم نہ تھی (فائل فوٹو)

اقبال بیگم عرف بالو ایک معزز گھرانے کی حسین اور الہڑ دوشیزہ تھی ۔ایک متمول اور بارسوخ وکیل کی بیٹی جو ایک غریب نوجوان کوچوان  محمد علی عرف ماہیا کی محبت میں مبتلا ہو گئیں۔ 
بالو کے خاندان نے دونوں کے پیار کو اپنی اہانت جان کر انہیں باز رکھنے کی مقدور بھر کوشش کی۔ ان کے ملنے پر پابندی عائد کر دی۔ محمد علی نے بالو کی یاد میں شاعری شروع کردی۔ وہ سرعام عشقیہ گیت گاتا پھرتا۔ اس کا مخصوص طرز کلام  اور انداز گائیکی بعد میں پنجابی زبان میں ایک نئی صنف ’ماہیا‘ کا روپ اختیار کر گیا۔
ادھر بالو کے والد نے اس کی شادی علاقے کے ایک زمیندار کے لڑکے سے کرنے کی کوشش کی۔ محمد علی کے کہنے پر اس نے باپ کا گھر چھوڑ دیا اور معاملہ عدالت تک چلا گیا۔ وکیل باپ نے قانونی داؤ پیچ استعمال کیے مگر لڑکی نے بے خوف ہو کرعدالت میں محبت کا اقبال کیا۔ یوں  بالو اور ماہیا ایک ہو گئے۔
ایک غریب کوچوان کی آمدنی محدود تھی لہذا مجبورا اقبال بیگم نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اداکار ایم اسلم کے ساتھ اس کی فلم ’سسی پنوں‘ نے اس جوڑے کی عسرت کو عشرت میں بدل دیا۔ ایک غریب کوچوان اب محل کا مکین بن گیا۔
ان دونوں کے ہاں بچی نے جنم لیا۔ صبیحہ کی اوائل عمری میں ہی ان کی والدہ تب دق میں مبتلا ہوکر اگلے جہاں سدھار گئیں۔
صبیح کا ملکوتی حسن، آواز اور انداز گویا فلموں کے لیے بنا تھا مگر اس کے باپ کی مے نوشی نے اسے خود غرض اور بیٹی کی تعلیم و تربیت سے غافل کر دیا تھا۔ 

صبیحہ اور سنتوش کمار کی جوڑی فلموں کی طرح ازدواجی زندگی میں بہت کامیاب رہی (فائل فوٹو)

ان حالات میں معروف اداکار عرفان کھوسٹ کے والد  سلطان کھوسٹ نے صبیحہ کی صلاحیتوں کو بھانپ لیا۔ انہیں تعلیم و تربیت اور فنی دنیا کے لوازمات سے روشناس کروایا۔
صبیحہ خانم نے فلمی دنیا میں پاؤں جمانے کے لیے بہت پاپڑ بیلے۔ تقسیم ہند کے بعد لاہور کے اکثر  فلمسازوں نے کلکتہ اور ممبئی کا رخ کرلیا۔ اس خلا کو بعد ازاں انور کمال پاشا، ڈبلیو زیڈ احمد اور شوکت حسین رضوی نے پُر کیا۔ 
کچھ عرصہ مقامی تھیٹر سے وابستگی کے بعد صبیحہ نے جس فلم میں پہلی بار کام کیا اس کا نام ’بیلی‘ تھا۔ یہ اس حوالے سے اہم فلم تھی کہ اس کے مصنف سعادت حسن منٹو اور ہدایت کار مسعود پرویز تھے۔ 
ایسے مایہ ناز  مصنف اور بے مثال ہدایتکار کے اشتراک سے بننے والی فلم میں صبیحہ کا رول ہیروئن کا نہیں تھا۔ اس فلم کی ہیروئن شاہینہ تھی ۔جو موسیقار رفیق غزنوی کی بیٹی اور اداکارہ سلمی آغا کی نانی تھیں۔ رشید عطرے کی  موسیقی اور سنتوش کمار کے ہیرو کے کردار کے باوجود یہ فلم فلاپ ہوگئی۔
دوسری فلم ’ہماری بستی‘ میں انکا نجمہ کے مقابلے میں ثانوی کردار تھا ۔انور کمال پاشا کی فلم ’دو آنسو‘ صبیحہ کی تیسری فلم تھی۔ بعد میں انہوں نے ملک امین کی فلم ’غیرت‘ اور ’پنجرہ‘ میں  بھی کام کیا۔ یہ دونوں فلمیں بھی توجہ نہ حاصل کر سکیں۔
قیام پاکستان کے ابتدائی برسوں میں کچھ فلم سازوں نے صبیحہ کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ وہ ہیروئن بننے کے اہل نہیں۔
حوصلہ شکنی اور ناقدری کے ماحول میں صبیحہ خانم نے امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ ظاہری جمال اس کا خاصہ تو تھا ہی مگر فنی کمال میں نکھار کے لیے صبیحہ کی جستجو اور جدوجہد  میں فرق نہیں آیا۔ 
انہیں اپنے شوق اور ریاضت کا حقیقی صلہ  1953 میں  فلم ’غلام‘ کی ریلیز پر ملا جس نے فلمسازوں، فلم بینوں اور نقادوں کو چونکا دیا۔ سنتوش کمار کے ساتھ راگنی اور شمی نے بھی اس فلم میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنے موضوع کے اچھوتے پن اور زوردار مکالموں نے انور کمال پاشا کے کمال فن کو پسندیدگی  کی معراج پر پہنچا دیا۔ 

صبیحہ خانم نے 1982 میں سنتوش کمار کی جدائی کے بعد فلموں سے مکمل کنارہ کشی اختیار کر لی تھی (فاوٹو: سکرین گریب)

اگلے برس انور کمال پاشا کی دوسری فلم" گمنام" ریلیز ہوئی جس میں صبیحہ کی اداکاری غضب کی تھی۔ کہانی اور مکالمے  ایسے کے دیکھنے والوں کو بھی یاد ہو گئے۔ اوپر سے ماسٹر عنایت حسین کی دھنوں نے اس کی تاثیر میں چار چاند لگا دیے۔
’گمنام‘ نے بڑی بڑی بھارتی فلموں کے مقابلے میں خود کو منوا لیا۔ یہ دور  پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کا ابتدائی وقت تھا۔ فلمی صنعت پر غیریقینی صورتِ حال اور یاسیت کے سائے منڈلا رہے تھے۔ صبیحہ  خانم کی فلم نے مقامی فلم سازوں اور تقسیم کاروں کے بکھرتے  اعتماد کو سہارا دیا۔ مقامی فلمی صنعت میں مسابقت اور رجحان سازی کا رویہ پیدا ہونا شروع ہوگیا۔ 

’سسی‘ مہنگی ترین فلم 

صبیحہ خانم کی فلم ’سسی’ نے فلمسازی کے رجحان اور روایات کو بدل دیا۔ پچاس کی دہائی کے وسط میں پاکستان میں انڈین فلموں کی درآمد کے خلاف فنکاروں اور فلمسازوں کی تحریک نے زور پکڑا۔ اسی احساس تلے مقامی موضوعات اور ماحول والی فلمیں بننا شروع ہو گی۔
’سسی‘ کئی اعتبار سے  پاکستان کی یادگار فلم تھی۔ جس پر اس دور میں ساڑھے تین لاکھ روپے لاگت آئی۔ اس سے قبل فلمساز پچاس ساٹھ ہزار سے زیادہ خرچ کرنے کا رسک نہیں لیتے تھے۔
اس فلم کے ہدایت کار داؤد  چاند منجھے ہوئے فلمساز تھے جن کا تعلق ہندوستان کے تاریخی کردار ’چاند بی بی’ کے خاندان سے تھا۔ اسی نسبت سے وہ اپنے نام کے ساتھ چاند لکھا کرتے تھے۔
انہیں یہ اعزاز بھی ملا کے ان کی ہدایتکاری میں ماں اور بیٹی دونوں نے ایک تاریخی کردار نبھایا۔
ہدایتکار کی طرح فلم کے پروڈیوسر ایم اے  خان کا ایک الگ ہی انداز ہوتا تھا ۔زندگی کا آغاز سینما آپریٹر کی حیثیت سے کیا تھا۔ انگلینڈ سے فلموں کی تکنیک سیکھ کر آئے تو اپنی خداداد صلاحیتوں کی بدولت بہت ترقی کی۔
صبیحہ خانم کی خوش نصیبی تھی کہ فلم نگری کے ان نابغوں کا ساتھ میسر آیا۔ سسی کی آؤٹ ڈور شوٹنگ سوات کے دشوار گزار علاقوں میں کی گئی جہاں شام ڈھلتے ہیں خونخوار جنگلی ریچھوں کے غول باہر نکل آتے۔
فلم کو صبیحہ کی ہوشربا اداکاری ، معصومانہ انداز اور بے ساختہ مکالموں نے  سپرہٹ بنا دیا ۔سسی نے  40 لاکھ روپے کا منافع کمایا۔ یہاں تک کہ چھوٹے چھوٹے دیہاتوں میں بھی صبیحہ کی اداکاری کی دھوم مچ گئی۔ 
ڈاکوؤں کی حفاظت میں فلمبندی
’سسی‘ کی شوٹنگ کے لیے لاہور کے نزدیک ایک مصنوعی جھیل بنا کر دھوبی گھاٹ کا سیٹ لگایا گیا تھا۔ اس علاقے میں بدمعاشوں کا راج تھا۔ صبیحہ اور دیگر فنکاروں اور عملے  کی حفاظت کے لیے ایم اےخان نے پولیس سے تحفظ مانگا۔
مقامی پولیس کا جواب تھا کہ ’ہم خطرناک ڈاکوؤں کے گروہ کا کچھ نہیں کر سکتے آپ آئی جی پولیس سے بات کر لیں۔‘

60 کی دہائی تک پاکستان میں بننے والی 10 فلموں میں سے سات کی ہیروئن صبیحہ بیگم  ہوتی تھیں (فوٹو: سکرین گریب)

پاکستانی فلموں کی تاریخ کے تذکرے پر مبنی کتاب ’فلمی الف لیلیٰ‘ کے مصنف علی سفیان آفاقی کے مطابق قانون کے محافظوں کی یہ مرعوبیت دیکھ کر فلم کے پروڈیوسر نے علاقے کے تین نامی گرامی ڈاکو کو اپنے ہاں مدعو کیا۔
انہیں پیشکش کی گئی کہ ایک ہفتے کے لیے اداکاروں اور فلمی یونٹ  کے لوگوں کی حفاظت کا ٹھیکہ کر لیں۔ اس کے عوض انہیں مناسب معاوضہ ملے گا۔
ڈاکوؤں کے لیے یہ صورتحال بہت حیران کن اور چکرا دینے والی تھی۔ ابتدا میں انہیں لگا کے یہ بھی کوئی فلمی مذاق ہے۔ جب ایم اے خان نے انہیں سمجھایا کہ پولیس کےعدم تعاون کے بعد اس کام کے لیے ان سے  موزوں کوئی اور نہیں ہو سکتا۔
ڈاکوؤں نے بھی صبیحہ کی دلکش ادا کاری کا چرچا سن رکھا تھا جب انہیں لگا کے اس طرح انہیں  اپنے پسندیدہ اداکاروں کی قربت اور حفاظت کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے  بلامعاوضہ یہ فرض  پورا کرنے کے لیے آمادگی ظاہرکردی۔ 
’سسی‘ فلم کے یونٹ نے ڈاکو کی حفاظتی حصار میں شوٹنگ مکمل کی۔ ان کے مداح ڈاکوؤں نے کتنی بار ضرورت کی چیزیں مفت میں مہیا کیں۔ یوں ذہین پروڈیوسر نے یہ مقولہ درست ثابت کردیا کہ ’لوہے کو لوہا کاٹتا ہے۔‘
پانی کے اندر فلمبندی کا ناکام تجربہ
’سسی‘ کی کامیابی نے صبیحہ خانم  کی شہرت کو ساتویں آسمان پر پہنچا دیا۔ ساتھ ہی مقامی رومانوی داستانوں کو فلموں کا موضوع بنانے کا رجحان بھی چل پڑا۔ ایم اے خان نے صبیحہ کو لے کر ’سوھنی‘ کے نام سے فلم بنانے کی ٹھان لی۔
پنجاب کی لوک داستان  کے کردار سوہنی کے دریا میں ڈوبنے کے مناظر کو حقیقت کے قریب دکھانا فلم کا اہم حصہ تھا ۔پروڈیوسر نے انڈر واٹر فوٹوگرافی کی تکنیک استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔

صبیحہ خانم کو اداکاری اپنی والدہ سے ورثے میں ملی (فائل فوٹو)

فلم کے لیے اقبال پارک لاہور میں سوئمنگ پول کے آس پاس پہاڑیوں کا سیٹ لگایا گیا۔ پانی کے اندر فلمی عکاسی اسی اسی جگہ ہونی تھی۔ 
ان مناظر کے لیے صبیحہ خانم نے بطور خاص تیراکی سیکھی۔ جاڑوں کے موسم میں پانی میں رہنا کسی قیامت سے کم نہ تھا۔ صبیحہ نے سسی کے کردار کو بہتر نبھانے کے لیے گھنٹوں ٹھنڈے پانی میں رہنے کی مشقت برداشت کی۔
ستم ظریفی یہ ہوئی کے ہیروئن کی مشقت غارت اور فلم فلاپ ہوگئی۔ وجہ ہدایتکار کا پانی میں شوٹنگ کا مناسب بندوبست نہ کرنا بنا۔ جو تھوڑی بہت فلمبندی پانی میں کی گئی اس میں بھی بہت ساری تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے اس کی افادیت نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔ 
اس ناکام تجربے سے ہیروئن  کے فلمی سفر پر کوئی خاص اثر نہ پڑا مگر ایم اے خان کے زوال کا نقطہ آغاز یہی بنا۔ اپنے دور کے سب سے بڑے فلمساز سے گمنامی کے اندھیروں میں گم ہو جانا بذات خود کسی فلم کا حصہ محسوس ہوتا ہے۔

پریس کانفرنس میں شادی کا اعتراف

صبیحہ کی سنتوش کمار کے ساتھ رومان اور شادی بھی کسی فلم کی رنگ بدلتی کہانی سے کم نہ تھی۔ پرکشش اور وجیہ  سنتوش اس دور میں ہر کسی کے منظور نظر تھے۔ 
دونوں کی رومانوی جوڑی اپنے وقت کی مقبولیت کی انتہا پر تھی ۔پر دہ سکرین کے علاوہ حقیقی زندگی میں جذباتی وابستگی نے دونوں کی قربتوں میں اضافہ کردیا۔ 
اس نامور فلمی جوڑے کی شادی کا دلچسپ قصہ فلمی صحافی علی سفیان آفاقی نے بیان کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ سنتوش اور صبیحہ کے رومان کی بھنک ان کے کانوں میں بھی پڑی۔ ان دنوں فلمی پرچوں میں اس حوالے سے خبریں چھپنا شروع ہو گئیں۔
صبیحہ خانم اور اس کی والدہ میں قدر مشترک دونوں کے والد کا ان کی شادی کی مخالفت کرنا تھا۔ صبیحہ کے والد صبیحہ کو کسی حال میں بھی سنتوش کی شریک سفر بننے کے خلاف تھے۔
اس زمانے میں ایک فلمی وفد برطانیہ گیا۔ صبیحہ اور سنتوش بھی اس کا حصہ تھے۔ اس دور میں یورپ سے خبروں کی آمدورفت عام نہ تھی۔علی سفیان آفاقی کو لندن میں دونوں کی شادی کی اطلاع مل گئی جب انہوں نے یہ خبر اپنے اخبار ’آفاق‘ میں چھاپی  تو دونوں نے اس کی پر زور تردید کی۔ 

صبیحہ خانم کے والد ان کی سنتوش کمار کے ساتھ شادی کے خلاف تھے (فائل فوٹو)

یورپ سے واپسی پر فلیٹیز ہوٹل لاہور میں ایک پریس کانفرنس منعقد ہوئی ۔جس میں دورہ کرنے والے وفد کے ارکان نے اپنے تاثرات بیان کیے۔ مذکورہ صحافی نے سنتوش  سے شادی کے بارے میں سوال کر ڈالا جس پر سنتوش نے ابتدا میں اس کے انکار پر مختلف دلائل پیش کیے ۔مگر صحافی نے لندن میں ان کے ہوٹل میں ایک ہی کمرے میں قیام کا حوالہ دے ڈالا تو سنتوش بوکھلا گئے۔
ایک اور صحافی نے انہیں کہا کہ ’اگر آپ دونوں نے شادی کرلی ہے تو چھپاتے کیوں ہیں۔ اس کا اعتراف کیجیے تاکہ ہم سب آپ کو مبارکباد پیش کر سکیں۔‘
اب سنتوش کے پاس اعتراف کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔ ہندوستان کے معروف لکھاری اور فلمی مصنف وشواناتھ طاؤس نے فلمی صنعت کے بارے میں اپنی یادداشتوں میں اس واقعے کا ایک اور انداز سے ذکر کیا ہے۔
ان کے مطابق جب صبیحہ نے لندن میں سنتوش سے شادی کرنے کی کوشش کی تو اس کے والد محمد علی ماہیا کو اطلاع مل گئی۔ انہوں نے لندن کی مسجد کے امام اور پاکستانی ہائی کمشنر کو تار ارسال کیے کے صبیحہ خانم  پہلے سے شادی شدہ ہیں۔
اسی دوران صبیحہ  کے والد لندن جا پہنچے۔ انہوں نے فلم ساز اور ہدایتکار ڈبلیو زیڈ احمد کو بھی اپنی مدد کے لیے لندن بلا لیا مگر محمد علی کی تمام تر بھاگ دوڑ کے باوجود صبیحہ کی  شادی سنتوش سے ہو گئی۔ 
محمد علی ماہیا کے ہاں دولت کی ریل پیل تھی مگر ان کے سر پر زیادہ دولت کمانے کی دھن سوار تھی۔ صبیحہ کی فلمی دنیا میں پذیرائی اور کامیابیوں نے ان کے والد کے لالچ کو اور بڑھا دیا۔ وہ ہر وقت اپنی بیٹی کو فلمی صنعت کے مردوں سے دور رہنے کی تلقین کرتے رہتے۔ 

صبیحہ خانم 13 جون 2020 کو انتقال کر گئی تھیں (فائل فوٹو)

فلمی دنیا میں مستقل محبت اور جذباتی وابستگی کی ہمیشگی پر دہ سکرین پر  ہی نظر آتی ہے ۔ حقیقت میں یہ کردار ادا کرنے والوں کی حقیقی زندگی میں یہ خال خال ہی ملتی ہے۔
صبیحہ اور سنتوش کمار کی باکمال جوڑی جتنی فلموں میں کامیاب تھی اتنی ہی مستحکم اور خوشگوار ازدواجی زندگی ان کے حصے میں آئی۔ صبیحہ نے پہلے بچے کی ولادت کے بعد ترجیحاً سنتوش کمار کے ساتھ ہی فلمی کردار ادا کیے۔ اسی طرح خوبرو اور فطین سنتوش کا دامن بھی آخری لمحات تک سکینڈلز کی آلودگیوں سے محفوظ رہا۔
صبیحہ خانم نے انیس سو 82  میں سنتوش کمار کی جدائی کے بعد فلموں سے مکمل کنارہ کشی اختیار کر لی۔
اس رحجان ساز فلمی جوڑے نے پاکستانی فلموں کو رومانی رول کی جو روایت منتقل کی تھی اس کے اثرات عشروں تک ہماری فلمی صنعت کی صورت گری کرتے رہے ہیں۔
صبیحہ کے دلکش انداز اور سراپے نے ایک  پوری نسل کے لاشعور میں رومانوی رول کی جو تصویر نقش کی ہے اس کے اثرات گاہے گاہے محسوس ہوتے رہتے ہیں اور رہتے رہیں گے۔ 

شیئر: