Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں 99 اشیا پر کسٹم ڈیوٹی بڑھ گئی، ترمیم کی منظوری

قومی مصنوعات اور ملکی زرعی پیداوار کے تحفظ کےلیے منظوری دی گئی( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی عرب نے قومی مصنوعات اور ملکی زرعی پیداوار کے تحفظ اور حوصلہ افزائی کے لیے 99 اشیا کی کسٹم ڈیوٹی میں ترمیم کی ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے چیئرمین اور وزیر خزانہ محمد الجدعان نے 99 اشیا کی کسٹم ڈیوٹی میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔ 
ڈبلیو ٹی او میں سعودی عرب نے کسٹم ڈیوٹی کی انتہائی حد کے حوالے سے جو وعدے کیے ہیں اسی کے تناظر میں 99 اشیا کی کسٹم ڈیوٹی میں ترمیم کی گئی ہے۔
ترمیم شدہ نئی کسٹم ڈیوٹی پرعمل درآمد اتوار12 جون سے شروع کیا گیا ہے۔ 
مال نیوزکے مطابق جن 99 اشیا کی کسٹم ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں تازہ اور فروزن ٹماٹر، خشک یا سبز پیاز، کھیرا، گاجر، بینگن، بھنڈی اوردھنیا وغیرہ سبزیاں شامل ہیں۔ ان پر پندرہ فیصد کسٹم ڈیوٹی مقرر کی گئی ہے۔ اب تک کوئی ڈیوٹی نہیں تھی۔ 
علاوہ ازیں تربوزاور خربوزے پر پندرہ فیصد ڈیوٹی ہوگی جو پہلے نہیں تھی جبکہ لیموں اور انگور کے شربت پر بارہ فیصد ڈیوٹی کو بڑھا کر پندرہ فیصد کردیا گیا ہے۔ آم اور امرود کے شربت پر پانچ کے بجائے دس فیصد ڈیوٹی ہوگی۔ 
انڈوں پرکسٹم ڈیوٹی 20 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد تک کردی گئی۔
بھیڑ اوربکرے پر کوئی ڈیوٹی نہیں تھی،اب سات فیصد کردی گئی۔ بارہ قسم کی مچھلیوں پر 6 سے 15 فیصد تک ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ 

شیئر: