سعودی عرب کا طویل ترین سمندری پل کہاں ہے؟
یہ پل بحیر احمر کے ساحل کو شوری جزیرے سے جوڑتا ہے (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں ریڈ سی کمپنی نے کہا ہے کہ ’مملکت کا طویل ترین سمندری پل مکمل ہوگیا جو تین کلو میٹر سے زیادہ طویل ہے‘۔
یہ پل مملکت کے مغربی علاقے میں بحیر احمر کے ساحل کو شوری جزیرے سے جوڑتا ہے۔ یہ ریڈ سی فرنٹ پروجیکٹ کے جزیروں میں سے ایک ہے۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پروجیکٹ پر کام کرنے والے ایک انجینیئر نے بتایا کہ’ بحیرہ احمر کے ساحل سے جزیرہ شوری کو جوڑنے والے پل میں کنکریٹ کے آخری بلاک کی تنصیب کا کام مکمل ہوگیا ہے‘۔
اس پل کی تعمیر میں 30 بحری کرینوں کےعلاوہ 180 سے زیادہ ہیوی مشینری سے کام لیا گیا ہے۔
پل کو اعلی ترین عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ کی تکمیل کے دوران 25 سے زیادہ ماہرین نگرانی کرتے رہے۔ خطرے کے تناسب کی درجہ بندی عالمی معیار کے مطابق کی گئی ہے۔ 400 ٹن سے زیادہ وزنی پل کے مختلف حصوں کی تنصیب پیچیدہ لفٹنگ آپریشنز کے ذریعے کی گئی۔