رابطہ عالم اسلامی ’انسانیت نواز خدمات عالمی ایوارڈ‘ جاری کرے گا
رابطہ عالم اسلامی ’انسانیت نواز خدمات عالمی ایوارڈ‘ جاری کرے گا
بدھ 15 جون 2022 5:12
فورم میں بڑی بین الاقوامی موثر تنظیموں کے سربراہ شریک ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے کہا ہے کہ رابطہ عالم اسلامی ’انسانیت نواز خدمات عالمی ایوارڈ‘ جاری کرے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شیخ ڈاکٹر محمد العیسی جنیوا میں ہونے والے فورم میں اعزازی مہمان کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔
فورم ’انسانی معاملات میں بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان تعاون‘ کے عنوان سے ہو رہا ہے۔ اس میں بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہ شریک ہیں۔ یہ تاریخ کا پہلا فورم ہے۔ اس کا مقصد دنیا بھر میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں اور انسانی مسائل کے حوالے سے تعاون پیدا کرنا ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے اس موقع پر دنیا بھر میں رابطہ عالم اسلامی کی انسانیت نواز خدمات کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ مذہبی، نسلی، جغرافیائی، لسانی ہر طرح کی تفریق سے بالا ہوکر خالص انسانی بنیادوں پر کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک و اقوام کے درمیان بہت سی مشترکہ انسانی قدریں پائی جاتی ہیں۔ ان کا تقاضا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو انسانی اخوت کے زاویہ نظر سے دیکھیں اور اپنے کردار و گفتار میں ایک دوسرے کے لیے ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔
ڈاکٹر العیسی نے کہا کہ مالداروں سے ہمارا کہنا ہے کہ وہ غریبوں کے مسائل کے حل میں اپنا کردارادا کریں اور ان کی مدد کریں۔ خاص طورپر خوراک، دوا اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناداروں کا تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی بات ہے کہ مالدار کورونا ویکسین کسی دشواری کے بغیر حاصل کر لیں اورغریبوں کو یہ سہولت نہ ملے یا تاخیر سے انہیں ویکسین فراہم کی جائے۔
فورم سے پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات سے دوچار اقوام کو مناسب طریقے سے مدد دینا ضروری ہے۔ سب کی ذمے داری ہے کہ وہ سچے جذبے سے دنیا بھر کے بڑے مسائل کے حل میں حصہ لیں۔
پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کی ہائی کمشنری، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل، ناروے کے سابق وزیراعظم، گرجا گھروں کی عالمی کونسل کے سیکریٹری جنرل، ریڈکراس اور ہلال احمر کی عالمی تنظیم کے سیکریٹری جنرل، عالمی خوراک پروگرام کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جنرل نے بھی فورم سے خطاب کیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں