پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگی بچانے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور فیصل بلوچ سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم نے بدھ کو اسلام آباد میں اپنے دفتر میں فیصل بلوچ سے ملاقات میں ان کی بہادری پر انہیں تمغہ شجاعت سے نوازنے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں
-
آگ میں لپٹے ٹینکر کو چلا کر زندگیاں بچانے والا ڈرائیورNode ID: 675776
-
’پہلے ایک معمولی ڈرائیور تھا اب ملک بھر سے فون آرہے ہیں‘Node ID: 676191
شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر اکاؤںٹ سے ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ مجھے فیصل بلوچ سے ملنے اور ان کے جرأت مندانہ کردار پر انہیں تمغہ شجاعت کے لیے نامزد کرنے پر خوشی ہے۔‘
’ وہ ایک سچے ہیرو ہیں جن بے شمار دیگر افراد کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ میں ان اس بے لوث جرأت مندانہ اقدام کو سراہتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ رواں ماہ سات جون کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایک نجی پیٹرول پمپ پر پیٹرول خالی کرتے ہوئے ایک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
It was a pleasure to meet and nominate Faisal Baloch for the conferment of Tamgha-e-Shujaat for his act of bravery. A real-life hero, he risked his own life to save that of countless others. I commend his selfless act of courage. pic.twitter.com/v2dddOhs1g
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 15, 2022
پیٹرول پمپ پر موجود لوگوں کو بچانے کے لیے ٹینکر ڈرائیور محمد فیصل حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کے شعلوں میں لپٹے ٹینکر کو آبادی سے دور لے گئے۔
محمد فیصل نے اردو نیوز کو بتایا کہ ٹینکر میں 20 ہزار لیٹر سے زائد پیٹرول موجود تھا اور اس کے پھٹنے کا خطرہ تھا، اگر پھٹ جاتا تو بہت سے لوگوں کی جانیں جاسکتی تھیں۔
’اس لیے میں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ٹینکر کو دور لے جانے کا فیصلہ کیا۔‘
اس واقعے کے بعد وزیراعظم آفس نے محمد فیصل کو ’گیسٹ آف آنر‘ کے طور پر اسلام آباد مدعو کر لیا تھا۔ نو جون کو وزیراعظم آفس کے سٹریٹجک ریفارمز شعبے کے سربراہ سلمان صوفی نے محمد فیصل کو ٹیلیفون کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
فیصل بلوچ کے جلتے آئل ٹینکر کو لوگوں سے دور بھگا کر لے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی لوگوں نے انہیں سراہنا شروع کر دیا تھا اور بلوچستان کی حکومت نے بھی انہیں انعام سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی ڈرائیور کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمد فیصل کی جرات اور بہادری قابل ستائش ہے، انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچائی ہے۔