اس بات کا خیال رکھیں کہ نیا موبائل نمبر ابشر اکاؤنٹ ہولڈر کے اقامے پر جاری کرایا گیا ہو (فائل فوٹو: ایس پی اے)
مملکت میں جب سے ڈیجیٹل دور کا آغاز ہوا ہے سرکاری معاملات کافی آسان ہوگئے ہیں جن میں اقاموں کا اجرا، تجدید، خروج وعودہ، خروج نہائی، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے علاوہ گاڑی کی ملکیتی کارڈ ’استمارہ ‘ کی تجدید و دیگر معاملات شامل ہیں۔
ڈیجیٹل سروسز سے قبل سرکاری معاملات کے لیے لوگوں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اقامے کی تجدید کے لیے متعدد فارم بھرنے، تصویر بنانے سے لےکر بینک میں فیس بھرنے کے مراحل سے گزرنے کے بعد جوازات کے دفتر میں لائن میں لگ کر درخواست فارم جمع کرانا ہوتا۔
اس میں ایک دن لگ جاتا تھا، بعض اوقات درخواست میں کسی قسم کا نقص ہونے پر دوسرے دن کارروائی مکمل کرنے کے لیے صبح سویرے جلدی نمبر لینے کے لیے قطار میں کھڑے ہونا پڑتا تھا۔
ڈیجیٹل خدمات سے اب تمام معاملات اپنے گھر یا دفتر سے ہی انجام دیے جاسکتے ہیں جس سے لوگوں کو بے پناہ سہولت حاصل ہوئی، تاہم اس کے لیے ابشر پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنانا لازمی ہے۔
ڈیجیٹل خدمات کے حصول کے لیے ابشر اکاؤنٹ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ قانون کے مطابق ہر شخص کا ابشر اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے خاص کر ملازمت پیشہ افراد کے لیے بنیادی شرط ابشر اکاؤنٹ کی ہے۔
موبائل سمز بھی ابشر اکاؤنٹ سے مربوط کردی گئی ہیں جس کا بنیادی مقصد بے نامی موبائل سمز کا خاتمہ ہے جو یقینی طور پر ایک بہترین عمل ہے۔
ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’ابشر اکاؤنٹ پر اپنا فون نمبر کس طرح تبدیل کیا جاسکتا ہے؟‘
مملکت میں ڈیجیٹل سروسز کی انجام دہی اور معاملات کو اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے ہر غیر ملکی کارکن کا ابشر سسٹم پر اکاؤنٹ بنانا لازمی ہے۔
ابشر اکاؤنٹ کے بغیر اقامے کی تجدید اور دیگر معاملات کی انجام دہی ممکن نہیں ہوتی۔ توکلنا اور اعتمرنا ایپ کے لیے بھی ابشر اکاؤنٹ اہم ہوتا ہے۔
ابشر اکاؤنٹ کے حوالے سے دریافت کیے گئے سوال کے جواب میں ٹوئٹر پر کہا گیا وہ افراد جو اپنا ابشر اکاؤنٹ میں درج موبائل نمبر تبدیل کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ ابشراکاونٹمیں لاگ ان کرنے کے بعد اپنی معلومات یا پروفائل کے سیکشن میں جائیں جہاں درج موبائل نمبر کی تبدیلی کے آپشن کو اختیار کرتے ہوئے نیا موبائل نمبر درج کرنے کے بعد اسے محفوظ کردیں۔
اس امر کا بھی خیال رکھیں کہ نیا موبائل نمبر ابشر اکاؤنٹ ہولڈر کے اقامے پر جاری کرایا گیا ہو۔ ابشر اکاؤنٹ کے لیے لازمی ہے کہ جو موبائل نمبر دیا جائے وہ اسی شخص کا ہو جس کا اکاؤنٹ بنایا جارہا ہے۔
ابشر کے حوالے سے ہی ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’ابشر سسٹم میں اکاؤنٹ بنانے کے دوران فنگر پرنٹ فیڈ نہیں ہورہے کیا کریں؟‘
بعض افراد کو فنگر پرنٹ ابشر سسٹم میں فیڈ کرنے کے حوالے سے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے ابشر سسٹم سے دریافت کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا کہ ابشر سسٹم میں جن افراد کے اکاؤنٹ میں فنگر پرنٹ فیڈ نہیں کیے جاسکتے انہیں چاہیے کہ وہ جوازات کے ذیلی دفتر سے رجوع کریں۔
دوسرا طریقہ جس شخص کا ابشر اکاؤنٹ بنایا گیا ہے وہ فنگر پرنٹ محفوظ کرنے کے لیے اپنے بینک سے رجوع کرے جہاں اس کا اکاؤنٹ ہے۔
بینک اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے فنگر پرنٹ کو اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں ’ابشر‘سسٹم کی جانب سے فراہم کردہ کمپیوٹرائزڈ مشینوں کے ذریعے بھی فنگرپرنٹ محفوظ کیے جاسکتے ہیں۔