افغانستان میں گذشتہ رات آنے والے زلزلے سے اب تک 950 سے زائد افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے اور حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب آنے والے زلزلے کی ریکٹر سکیل پر شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس سے سب سے زیادہ نقصان افغانستان کے صوبے پکتیکا میں ہوا ہے۔
یو ایس جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔ تاہم پاکستان میں ابھی تک کسی جانی یا دوسرے نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
اس سے قبل بھی اس خطے اور اس سے باہر حالیہ دنوں میں معمولی نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاتے رہے ہیں۔
لیکن حالیہ تاریخ میں تقریباً ڈیڑھ دہائی کے دوران دنیا بھر میں انتہائی خوفناک زلزلے بھی ریکارڈ کیے گئے جن سے بھاری جانی و مالی نقصان بھی دیکھنے میں آیا تھا۔
ایران 2017
بارہ نومبر 2017 کو ایران میں آنے والے ایک زلزلے میں 400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس کے نیتجے میں عراق میں بھی چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اس زلزلے سے ایران کے مغربی صوبوں کے علاقوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا تھا۔ ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز ایران اور عراق کا سرحدی علاقہ تھا۔
میکسیکو 2017
انیس ستمبر 2017 میں ایک زلزلے نے میکسیکو کے وسطی علاقوں میں تباہی پھیلا دی تھی اور اس کے نتیجے میں تقریباً 369 لوگ لقمہ اجل بن گئے تھے۔
ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔
اٹلی 2016
24 اگست 2016 کو وسطی اٹلی کے کچھ حصوں میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے پہاڑوں پر بنی آبادیوں کو شدید نقصان پہنچا تھا اور 300 سے زائد لوگ ہلاک ہوئے تھے۔
ایکواڈور 2016
16 اپریل 2016 کو جنوبی امریکہ کے ملک ایکواڈور میں آنے والے ایک زلزلے سے کم از کم 650 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ریکٹر سکیل پر اس 7.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔
افغانستان 2015
26 اکتوبر 2015 کو افغانستان کے شمال مشرقی علاقوں میں آنے والے زلزلے سے تقریباً 400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کے جھٹکے پاکستان کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔
نیپال 2015
25 اپریل 2015 کو نیپال میں آنے والے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی اور اس کے کے نتیجے میں ایک اندازے کے مطابق 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی تھی اور اس سے تقریباً 80 لاکھ لوگ متاثر ہوئے تھے۔
چین 2014
تین اگست 2014 کو جنوب مغربی علاقوں میں زلزلہ آیا تھا جس میںتقریباً 600 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ریکٹر سکیل پر شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی تھی۔
پاکستان 2013
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 24 ستمبر 2013 کو مختلف وقفوں سے آنے والے دو زلزلوں کے نتیجے میں 825 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ریکٹر سکیل پر ان زلزلوں کی شدت 7.7 اور 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔
ایران 2012
11 اگست 2012 میں ایک زلزلے کے نتیجے میں ایران کے شمال مغربی شہر تبریز میں 300 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی تھی۔
ترکی 2011
سنہ 2011 میں ترکی میں بھی ایک خوفناک زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں تقریباً 600 افراد ہلاک ہوئے تھے، اس زلزلے کی شدت سات اعشاریہ دو تھی۔
جاپان 2011
حالیہ تاریخ میں شدت کے اعتبار سے سب سے بڑا زلزلہ 11 مارچ 2011 کو جاپان میں آیا تھا جس نے سونامی کو بھی جنم دیا تھا۔
جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں آنے والے اس زلزلے میں تقریباً ساڑھے 15 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور پانچ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
ریکٹر سکیل پر شدت 9.0 ریکارڈ کی گئی تھی جس سے جاپان کے نیوکلیئر پلانٹس کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
نیوزی لینڈ 2011
بائیس فروری 2011 کو ایک زلزلے کے نتیجے میں نیوزی لینڈ میں 180 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
روئٹرز کے مطابق اس زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ تقریباً 12 ارب ڈالرز لگایا گیا تھا۔
چلی 2010
جنوبی امریکا کے ملک چلی میں 27 فروری 2010 کو آٹھ اعشاریہ آٹھ شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں تقریباً 500 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 30 ارب سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔
ہیٹی 2010
جنوری 2010 میں ہیٹی میں آنے والے ایک زلزلے میں 3 لاکھ اموات ہوئیں تھیں۔ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق ہیٹی کے دارالحکومت اور اس کے اطراف میں تقریباً 80 ہزار مکانات کو نقصان ہوا تھا۔ اس کی شدت سات تھی۔
چین 2008
12 مئی 2008 کو چین کے صوبے سچوان میں سات اعشاریہ آٹھ کی شدت کے زلزلے سے تباہی مچی تھی اورتقریباً 87 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔