سعودی نائب وزیر خارجہ کی انٹرنیشنل فوڈ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت
سعودی نائب وزیر خارجہ کی انٹرنیشنل فوڈ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت
جمعہ 24 جون 2022 21:20
موجودہ حالات میں سب سے زیادہ متاثر ترقی پذیر ممالک ہورہے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے جمعے کو انٹرنیشنل فوڈ سیکیورٹی کے موضوع پر برلن کانفرنس میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی نمائندگی کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انجینیئر ولید الخریجی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب کو انٹرنیشنل فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے دنیا بھر کو درپیش طویل مدتی چیلنجوں سے نمٹنے کی اہمیت کا پورا احساس ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کا پائدار ترقی کے حوالے سے دوسرا بڑا ہدف قحط کا خاتمہ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ درپیش حالات سے سب سے زیادہ متاثر ترقی پذیر ممالک ہورہے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ طویل مدت سے ترقی پذیر ممالک مشکل سے دوچار ہوتے چلے آرہے ہیں‘۔
سعودی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ’ مثال کے طور پر غربت اور ماحولیاتی تبدیلی، کورونا وبا ان سب نے ترقی کے عمل کو معطل کیا ہے۔ پائدار ترقی کے اہداف کا ایجنڈا بری طرح سے متاثر ہواہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایسے وقت میں کہ جب پوری دنیا وبا سے نجات کے بعد کے مرحلے میں داخل ہورہی ہے یورپی ممالک کے موجودہ حالات نے دنیا بھر میں غلے کی فوری قلت سے دوچار کردیا ہے۔ اس کے لیے فوری اجتماعی اقدامات کرنا ہوں گے۔‘