Node ID: 680516 شاہ رخ نے اس وقت بالی وڈ میں قدم رکھا جب لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن چھائے ہوئے تھے۔
اداکار اکشے کمار سے لے کر رنویر سنگھ، سلمان خان سے لے کر عامر خان سب نے کامیابیاں دیکھی ہیں لیکن ان میں سے کسی نے بھی شاہ رخ خان کی طرح اجارہ داری برقرار نہیں رکھی۔
شاہ رخ خان مارکیٹنگ یا باکس آفس پر کامیابی کی وجہ سے سپرسٹار نہیں بنے بلکہ ان کو جس چیز نے شائقین کا پسندیدہ ہیرو بنایا وہ ان کا حقیقت میں ڈھل جانا ہوتا ہے۔
سنیچر کو انسٹاگرام لائیو میں کنگ خان نے بتایا کہ ’انہوں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ وہ بالی وڈ میں 30 سال تک رہ پائیں گے۔‘
56 برس کے شاہ رخ نے اداکاری کا آغاز ٹیلی ویژن شو ’فوجی اور سرکس‘ سے کیا تھا۔
انہوں نے انسٹاگرام لائیو میں بتایا کہ وہ ممبئی اس امید کے ساتھ آئے تھے کہ ’وہ ایک سال دو سال تک کام کر لیں گے اور پانچ سے سات فلمیں کرلیں گے۔‘
شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ’ایسا لگتا ہے جیسے میں نے کل ہی کام شروع کیا ہو۔‘
ان کے مطابق ’میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ میں میڈیا میں کوئی نوکری ڈھونڈ لوں گا اور یا فلم سے منسلک کچھ کر لوں گا۔‘
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ وہ اکثر سوچتے کہ اگر ان کو بطور اداکار کام نہیں ملا تو وہ کسی سیٹ پر کام کر لیں گے۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ انہیں فلمیں بنانے کا عمل پسند ہے اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ فلم میں کچھ نیا پیش کریں۔
شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر میں لازوال فلمیں دی ہیں جنھوں نے باکس آفس پر دھوم مچائی ہے۔
لیکن گزشتہ چند سالوں میں شاہ رخ خان کی فلمیں خاطر خواہ بزنس نہیں کرپائیں جس کے باعث کنگ خان کو ایک لمبا وقفہ لینا پڑ رہا ہے۔