Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کا سہ ملکی دورہ، عرب معیشت میں مملکت کی مضبوط پوزیشن سمیت گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں

عرب ممالک میں سنہ 2021 میں جتنی سرمایہ کاری ہوئی اس میں سب سے زیادہ حصہ سعودی عرب کا رہا۔ فوٹو: ایس پی اے
سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تین ملکوں کے دورہ سب سے بڑی خبر رہی۔ دیگر خبروں میں عرب معیشت میں سعودی عرب کا حصہ بڑھنا اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اہم رہیں۔
ولی عہد نے مصر، اردن اور ترکی کے دورے میں اُن ملکوں کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے بات چیت کی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکی کا تاریخی دورہ کیا جہاں دونوں ملکوں کے وسیع تر مفاد میں دفاعی تعاون سے متعلق معاہدے موثر کرنے، عدلیہ میں تعاون بڑھانے، مختلف شعبوں میں تجربات کے تبادلے اور سیاحت کے شعبے میں تعاون پر متفق ہو گئے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ ترکی کے اختتام پر بدھ کو مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
عرب معیشت میں سعودی عرب کی مضبوط پوزیشن
سعودی عرب کا عرب معیشت میں حصہ سنہ 2021 میں 0.4 فیصد پوائنٹس بڑھ گیا اور مملکت نے خطے کے سب سے بڑے اقتصادی پلیئر کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عرب کارپوریشن فار انویسٹمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کریڈٹ گارنٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق مملکت نے گزشتہ سال 833.5 بلین ڈالر کی گھریلو پیداوار ریکارڈ کی، جو پورے عرب خطے کے 29.7 فیصد کے برابر ہے۔
اسی طرح عرب ممالک میں 2021 کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے سالانہ کی بنیاد پر37 فیصد زیادہ منصوبے نافذ کیے ہیں۔ 862 منصوبوں پر 32.8 ارب ڈالر کی لاگت آئی۔ 2020 کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔
الاقتصادیہ کے مطابق 2021 کے دوران عرب ممالک میں جتنی سرمایہ کاری ہوئی اس میں سب سے زیادہ حصہ سعودی عرب کا رہا۔ ایک سال کے دوران  9.3 ارب ڈالرغیرملکی سرمایہ کاروں نے لگائے۔
تھائی لینڈ جانے والے سعودی شہریوں کے لیے خوشخبری
ایک اور اہم خبر سعودی شہریوں کو تھائی لینڈ جانے کے لیے پیشگی ویزہ لینے کی ضرورت کے خاتمے کی رہی۔

حج سیزن کی وجہ سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرہ پرعارضی پابندی عائد کر دی گئی۔ فائل فوٹو: ایس پی اے

سبق ویب سائٹ کے مطابق تھائی لینڈ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سعودی شہریوں کو ایئرپورٹ پر 30 دن کا ویزہ جاری کیا جائے گا۔
تھائی حکومت نے کہا ہے کہ ’سعودی شہریوں کو ویزے سے استثنی کے فیصلے کا نفاذ 9 جولائی سے ہوگا‘۔
مملکت کے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لیے عمرے پر عارضی پابندی
حج سیزن کی وجہ سے سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے عمرہ پرعارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پابندی کا نفاذ جمعہ 24 جون سے کیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے اندرون مملکت سے عمرہ پرآنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کی سہولت کے لیے داخلی عمرہ عارضی طورپربند کردیا گیا ہے۔
بجٹ ایئرلائن ’ویز ایئر‘ کی سعودی عرب کے پروازیں
سستے فضائی سفر کے لیے مشہور ایئرلائن ’ویز ایئر‘ نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے لیے ستمبر 2022 سے پروازیں باقاعدہ شروع کردے گی ویز ایئر ہنگری کی کمپنی ہے۔  
اخبار 24 کے مطابق ویز ایئر امارات اور یورپی ممالک سے مملکت کے لیے پروازیں چلائے گی۔  وہاں سے سعودی عرب آنے والے سیاحوں کو سستے اور انتہائی مسابقتی نرخوں پر ٹکٹ فراہم کرے گی۔
ڈیجیٹل گائیڈ ’رشد‘ ایپ کا افتتاح
سعودی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے جمعرات کو ڈیجیٹل گائیڈ ’رشد‘ ایپ کا افتتاح کیا۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ’رشد ایپ‘ میں وزارت اسلامی امور کی جملہ ڈیجیٹل خدمات کو ضم کیا گیا ہے۔ مملکت میں سمارٹ آلات کے ذریعے صارفین جو سہولتیں وزارت سے حاصل کرسکتے ہیں وہ سب رشد ایپ میں جمع کر دی گئی ہیں۔

سعودی عرب کی ’توکلنا ایپ ‘ کے لیے بیسٹ سروسز ایوارڈ  2022 جاری کیا  گیا ہے۔ فائل فوٹو: ایس پی اے

مدینہ یونیورسٹی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل
مدینہ کی اسلامی یونیورسٹی کو ریکارڈ تعداد میں مختلف قومیتوں کے طلبہ کی حاضری کی بنیاد پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
مدینہ یونیورسٹی میں ابتدا ہی سے پاکستان کے طلبہ تعلیم حاصل  کررہے ہیں۔ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے پاکستانی طلبہ اپنے ملک میں متعدد تعلیمی ادارے قائم کیے ہوئے ہیں جہاں نصاب تعلیم مدینہ یونیورسٹی والا نافذ کیا جارہا ہے۔ 
سعودی عرب کی ’توکلنا ایپ ‘ کے لیے بیسٹ سروسز ایوارڈ 
  اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی عرب کی ’توکلنا ایپ ‘ کے لیے بیسٹ سروسز ایوارڈ  2022 جاری کیا  گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اقوام متحدہ  نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی منفرد طریقہ کار کے زمرے میں آنے والی ’توکلنا‘ ایپ کے لیے بیسٹ سروسز ایوارڈ 2022 مختص کر دیا۔

شیئر: