Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ڈوبنے دو‘ اور ’پسوڑی‘ مس مارول میں شامل، ’یہ نہایت خوبصورت احساس ہے‘

مس مارول سیریز میں پاکستانی گانوں کو بھرپور انداز میں شامل کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
دنیا کی مشہور کامک مارول کی نئی سیریز ’مس مارول‘ کی نئی قسط میں پاکستانی سنگرز حسن اور روشان کا گانا ’ڈوبنے دو‘ بھی شامل کیا گیا ہے۔
بدھ کو ریلیز ہونے والی مس مارول کی چوتھی قسط میں شامل یہ گانا نوجوان سنگرز حسن اور روشان نے سنہ 2020 میں اپنے یوٹیوب پر ریلیز کیا تھا۔
مس مارول سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سیریز پاکستانی فیملی کی کہانی ہے۔
مس مارول کی کہانی پاکستان سے تعلق رکھنے والی کمالا نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو مارول کے کرداروں کی بہت بڑی مداح ہے اور پھر اس کے پاس بھی مارول کے کرداروں کی ہی طرح سُپر پاور طاقتیں آنا شروع ہو جاتی ہیں۔
مس مارول سیریز کے نئی قسط ہر بدھ کو ریلیز کی جا رہی ہے، اب تک سیریز کی چار اقساط ریلیز ہو چکی ہیں۔
چوتھی قسط میں ڈوبنے دو کے علاوہ پاکستانی سپرہٹ گانا ’پسوڑی‘ بھی شامل کیا گیا ہے۔
چوتھی قسط میں کمالا پاکستانی شہر کراچی آتی ہیں جہاں وہ گھومتی پھرتی ہیں، کھانے کھاتی اور اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے ملتی ہیں۔
اسی قسط میں انڈین اداکار فرحان اختر بھی سکرین پر ولید کا کردار ادا کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
مس مارول سیریز میں پاکستانی گانوں کو بھرپور انداز میں شامل کیا جا رہا ہے۔
اب تک کی اقساط میں علی سیٹھی اور شائے گل کا گانا ’پسوڑی‘، عابد بروہی کا گانا ’دی سبی سونگ‘، طلال قریشی اور نصیبو لعل کا گانا ’آگ‘، نازیہ حسن اور زوہیب حسن کا گانا ’ڈسکو دیوانے‘، سجاد علی کا گانا ’بے بیا‘ اور مسرت نذیر کا گانا ’میرا لونگ گواچا‘ کو مس مارول کا حصہ بنایا گیا ہے۔

مس مارول کا حصہ بننے والے گانے ڈوبنے دو اور پسوڑی کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مثبت تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
زے نامی ایک صارف اپنے ٹویٹ میں لکھتی ہیں کہ ’او میرے خدا، مس مارول میں پسوڑی دیکھ کر مجھے بہت زیادہ حیرت ہوئی۔‘ 
سبیل آصف نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ ’مس مارول میں پسوڑی کو سننا خوبصورت اور اطمینان بخش احساس ہے۔‘

ایک اور صارف نے کہا ہے کہ ’حسن اور روشان کو مبارک ہو، ان کا ’ڈوبنے دو‘ گانا مس مارول کی چوتھی قسط میں شامل کیا گیا ہے، مجھے فخر کا احساس ہو رہا ہے۔‘
ثانیہ نامی صارف اپنے ٹویٹ میں لکھتی ہیں کہ 'او میرے خدا، حسن اور روشان کا گانا ڈوبنے دو مس مارول میں پہنچ گیا ہے؟ یہ پاگل پن ہے، مجھے بہت پسند آیا ہے'۔
انوشا کہتی ہیں کہ ’یقین کریں جب یہ گانا مس مارول کی تازہ قسط میں چلا تو میں نے چیخ مار دی۔‘
مس مارول میں پاکستانی اداکاہ مہوش حیات بھی کام کر چکی ہیں جبکہ سپر سٹار فواد خان کی سیریز کی آخری قسط میں آمد متوقع ہے۔

مس مارول میں کمالا کا مرکزی کردار پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ایمان ویلانی نے ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ مس مارول کی نئی قسط ہر ہفتے بدھ کے روز ڈزنی پلس پر ریلیز کی جارہی ہیں کہ جبکہ پاکستان کے سینما گھروں میں تیسری اور چوتھی قسط یکم جولائی اور پانچویں اور چھٹی قسط 15 جولائی کو نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔

شیئر: