Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی اداکارہ لنڈسے لوہن کی عرب منگیتر سے شادی، مداح حیران

لنڈسے لوہن کی عرب کاروباری شخصیت سے 2021 میں منگنی ہوئی تھی (فائل فوٹو: لنڈسے لوہن انسٹاگرام)
امریکی اداکارہ و گلوکارہ لنڈسے لوہن نے اپنی منگنی کی خبر تو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی لیکن شادی کب ہوئی، یہ کسی کو معلوم نہیں۔
عرب نیوز کے مطابق دبئی میں رہنے والی اداکارہ نے حال ہی میں سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق پوسٹ شیئر کی ہے جس کے بعد سے ان کے مداح تذبذب کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ لنڈسے لوہن نے اپنے عرب منگیتر بدر شماس کے ساتھ منگنی کی خبر گذشتہ سال نومبر میں شیئر کی تھی۔
انہوں نے اپنے منگیتر کے ہمراہ ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ہیرے کی انگوٹھی بھی پہنی ہوئی ہے۔ اس پوسٹ کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’میری محبت، میری زندگی، میرا مستقبل۔‘
اس پوسٹ کے بعد سے لنڈسے لوہن کی شادی کی کوئی خبر اب تک منظرعام پر نہیں آئی، لیکن سنیچر کو انہوں نے اپنے منگیتر کی سالگرہ کے موقع پر ایک تصویر شیئر کی اور انہیں ’شوہر‘ کہہ کر پکارا۔
پوسٹ کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’میں دنیا کی خوش قسمت ترین خاتون ہوں۔ آپ مجھے ملے اور آپ جانتے تھے کہ مجھے زندگی میں خوشی اور عزت دونوں ایک ساتھ چاہیے۔ مجھے اس بات پر حیرت ہے کہ آپ میرے شوہر ہیں، میری زندگی اور میرا سب کچھ۔‘
ساتھ ہی لنڈسے لوہن نے دیگر خواتین کے لیے بھی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہر خاتون کو ہر روز ایسا ہی محسوس کرنا چاہیے۔
پوسٹ شیئر ہوتے ہی شائقین نے انہیں مبارک باد دینا شروع کردی تاہم لنڈسے لوہن اور بدر شماس نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی شادی کے حوالے سے تصدیق کی۔

شیئر: